سرینگر //صورہ سے حول چوک تک سڑک کی خستہ حالت ہونے سے مقامی آبادی میں غم و غصہ اور ناراضگی پائی جارہی ہے۔صورہ سے حول چوک تک سڑک کی ناگفتہ بہہ حالت پر عوام میں سخت غم و غصہ پایا جارہا ہے۔یہ سڑک کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہے جس پر سفر کرنا انتہائی مشکل ترین ہوچکا ہے ۔سڑک پرجگہ جگہ بڑے بڑے کھڈہیںاوردھوپ کے دوران ہر طرف گرد و غبار چاروں طرف دیکھنے کو ملتا ہے جس سے مختلف بیماریاں پیدا ہونے کا امکان رہتا ہے جبکہ معمولی بارش ہونے سے سڑک تالاب کی شکل اختیار کرلیتی ہے۔مقامی آبادی اور صورہ میڈیکل انسٹیچوٹ منتقل کئے جانے والے مریضوں کے لئے اس سڑک پر سفر کرنا وبال جان بن گیاہے۔نوشہرہ میں انیمل اینڈشیپ ہسبنڈری کے دفترکے سامنے سڑک کے درمیان میں بغیر ڈھکن کے مین ہول بھی ہے جس سے کسی جانی اور مالی نقصان ہونے کا خطرہ بھی لاحق رہتا ہے ۔مقامی شہریوں نے بتایا کہ سڑک کی خستہ حالت اور بغیر ڈھکن کے مین ہول کے سلسلے میں متعلقہ محکموں کے افسران سے فریاد بھی کی گئی تاہم نہ ہی سڑک پر میکڈیم بچھایا گیا اور نہ ہی مین ہول پر ڈھکن لگایا گیا ۔