سرینگر // ریاستی پولیس سربراہ ایس پی وید نے کہا ہے کہ منگل کو جیشِ محمد تنظیم نے جنوبی کشمیر میں پے درپے حملے کئے اور حزب المجاہدین کی جانب سے کیا گیا دعویٰ صحیح نہیں ۔ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے جنوبی کشمیر میں سلسلہ وار جنگجویانہ حملوں پر ریاستی پولیس کے سربراہ ایس پی وید نے کہا کہ پولیس ان حملوں کی تحقیقات کر رہی ہے تاہم ابھی تک انٹلی جنس کی جانب سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع پلوامہ میں منگل کے روز پیش آئے سلسلہ وار جنگجویانہ حملوں کے پیچھے جیش محمد کا ہاتھ ہے ۔انہوں نے کہا کہ سراغ رساں ایجنسیوں کی جانب سے پولیس کو جو اطلاع موصول ہوئی ہے اس سے یہ صاف طاہر ہوتا ہے کہ ان حملوں میں عسکری تنظیم جیش ہی ملوث ہے ۔ریاستی پولیس کے سربراہ نے کہا کہ صورتحال کنٹرول میں ہے اور پولیس کی پہلی ترجیح وادی کشمیر میں امن و امان کو بر قرار رکھنا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاستی پولیس وادی کشمیر میں قیام امن کے حوالے سے کوشاں ہے اور اس حوالے سے پولیس کو مختلف سطح پر کئی چیلنجز کا سامنا ہے تاہم پولیس ان تمام چیلنجوں کا مقابلہ کر رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان میں جنگجویانہ کارروائیوں میں تیزی ہے اور جنوبی کشمیر میں ہوئے پے در پے گرینیڈ حملے اسی کی ایک کڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کشمیر میں مقامی جنگجوئوں کی موجودگی زیادہ ہے جبکہ شمالی کشمیر کی صورتحال اس کے برعکس ہے۔