سرینگر//وادی میں صورتحال کو مکمل طور قابو میں قرار دیتے ہوئے سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل راجیو بٹناگر نے کہا کہ پولیس اور فورسز کو کشمیر میں سنگبازی سے بہتر طورنپٹنے کیلئے معیاری ضوابط طریقہ کار(ایس ائو پی) کی تربیت دی جارہی ہے۔سرینگر میں منعقدہ ایک تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ حکمت عملی،تربیت اور نئے معیاری ضابطہ طریقہ کار مرتب کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا’’ عام طور پر غیر مہلک ہتھیاروں کے استعمال میں ہم(سی ا ٓر پی ایف) نے جموں کشمیر پولیس کے ساتھ مل کر ایک پالیسی مرتب کی ہے،جس میں سنگبازی اور حملوں کے دوران مل کر کام کیا جائے،اور اس کے اثرات آپ عنقریب دیکھیں گے‘‘۔وادی میں جنگجوئوں کے خلاف شروع کئے گئے فیصلہ کن آپریشن پر سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ فورسز کو کامیابی حاصل ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا’’سی آر پی ایف،فوج اور پولیس کے درمیان بہترین تال میل ہے،اور یہ تمام ’سیکورٹی ایجنسیاںایک اکائی کے طور پر کام کرتے ہیں‘‘۔شوپیاں کے مضافاتی علاقے آونیورہ میں گزشتہ دنوں حزب آپریشنل کمانڈر محمد یاسین ایتو عرف محمود غزنوی کی ہلاکت کا ذکر کرتے ہوئے سی آر پی ایف سربراہ نے کہا کہ امسال7سرکردہ کمانڈروں کو جاں بحق کیا گیا جبکہ دیگر132کو یا تو ہلاک کیا گیا یا گرفتار کیا گیا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ آنے والے وقت میںہمیں(سیکورٹی ایجنسیوں) کو مزید کامیابی ملے گی۔اس دوران انہوں نے کشمیر میں صورتحال کو مکمل قابو میں قرار دیا۔ اس سے قبل ڈی جی سی آر پی ایف راجیو رائے بٹناگر نے بمنہ میں واقع73بٹالین میں’’سیکورٹی تجزیہ،درپیش چلینج اور امن و قانون کے مسائل‘‘ منعقدہ مباحثے میں بھی شرکت کی۔جبکہ ڈی ٓئی جی شمالی سرینگر نریندر پال نے اس موضوع پر روشنی ڈالی۔