سرینگر // حکمران جماعت پی ڈی پی نے الیکشن کمیشن سے ایک بار پھر استدعا کی ہے کہ وہ وادی کے موجودہ حالات دیکھتے ہوئے اننت ناگ کے ضمنی انتخابات کو غیر معینہ عرصے کیلئے ملتوی کردے۔تاہم نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے الیکشن کمیشن کیساتھ ہونی والی اس بات چیت میں شامل ہونے سے انکار کردیاتھا۔ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے بھائی اور اننت ناگ ضمنی انتخابات کے اُمیدوار تصدق مفتی نے سوموار کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے انتخابات ملتوی کرنے کی اپیل کی تھی۔ پی ڈی پی کے جنرل سیکریٹری نظام الدین بٹ نے کہا ’’ تصدق نے اننت ناگ کے ضمنی انتخابات کو غیر معینہ عرصے کیلئے ملتوی کرنے کی استدعا کی ہے ۔ الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے تمام اُمیدواروں کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس کی تھی تاکہ 25مئی کو ہونے والے انتخابات کے بارے میں انکی رائے معلوم کی جاسکے۔تاہم نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے اس ویڈیو کانفرنس کا بائیکاٹ کیا تھا۔دونوں پارٹیوں نے کہا ہے کہ انہوں نے پہلے ہی اس بات اندیشہ ظاہر کیا تھا کہ چنائو ملتوی کئے جانے چاہیں، تاہم محبوبہ مفتی نے ہی چنائو کرانے کی کوششیں کیں تھیں۔