جموں//بین الاقوامی سرحد اور کنٹرول لائن پر حالات کو انتہائی کشیدہ قرار دیتے ہوئے بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل کے کے شرما نے آج کہا کہ کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدہ کی مسلسل خلاف ورزی ہو رہی تھی اور اب یہ سلسلہ بین الاقوامی سرحد پر بھی شروع ہو گیا ہے ۔ بی ایس ایف ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی ایس ایف کی جانب سے معاہدہ کی ہر خلاف ورزی کا بھر پور جواب دیا جا رہا ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان کی طرف سے بلا اشتعال کا سلسلہ جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہیڈ کانسٹبل اے سریش کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ شرما نے اندیشہ ظاہر کیا کہ اس سیکٹر سے در اندازی کی کوشش ہو سکتی ہے لیکن محتاط جوانوں نے ممکنہ کوشش کو ناکام بنا دیا۔ اس سے قبل بی ایس ایف ہیڈ کوارٹر پر مہلوک اہلکار کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں ان کے جسد خاکی پر پھول چڑھائے گئے اور انہیں آخری سلامی دی گئی۔