عظمیٰ نیوزسروس
جموں// وزیربرائے جل شکتی جاوید احمد رانا نےکہا کہ حکومت نے جموں خطے میں دریائے چناب اور راوی کو آلودگی اور دیگر ماحولیاتی مسائل سے بچانے کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔وزیر موصوف ایوان میں رُکن اسمبلی دیویندر کمار منیال کی طرف سے اُٹھائے گئے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔اُنہوںنے بتایا کہ صوبہ جموںکے مختلف اَضلاع میں 11ڈِی سینٹرلائزڈ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ سسٹمز (ڈِی اِی ڈبلیو اے ٹی ایس) تجویز کئے گئے ہیں تاکہ گھریلو گندے پانی کے اخراج سے دریاؤں میں ہونے والی آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔وزیر موصوف نے مزید کہا کہ ان میں سے چار منصوبوں پر پہلے ہی کام شروع ہو چکا ہے اور یہ سسٹمز بالخصوص اِس علاقے کے دریاؤں کی ماحولیاتی بہتری اور آلودگی کو کم کرنے کے لئے ڈیزائن کئے گئے ہیں۔اُنہوں نے رام گڑھ حلقہ میں آبپاشی اور آبی وسائل کے بہتر اِنتظام کے لئے کہا کہ ’’راوی کنال اور اس کے ڈِسٹری بیوشن نیٹ ورک کی بہتری اور مضبوطی‘‘ کے لئے 571.83 کروڑ روپے کا ڈی پی آر تیار کیا گیا ہے جو سینٹرل واٹر کمیشن (سی ڈبلیو سی) کو جائزے کے لئے بھیج دی گئی ہے۔جاوید احمد رانانے رام گڑھ حلہ میں نہروں ( جموں چناب) کی بہتری اور ازسر نو بنانے کے لئے اُٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ رام گڑھ حلقے میں ڈی۔9کنال کے 32,000میٹر سے 36,600میٹر تک کے حصے کو شامل کیا گیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ4.50کلومیٹر کا یہ حصہ 1259ایکڑ اراضی کو آبپاشی کی سہولیت فراہم کرتا ہے۔اگرچہ کنال کی مجموعی حالت اچھی ہے لیکن کچھ مقامات پر تقریباً 1 کلومیٹر کا حصہ مرمت کا متقاضی ہے جو 2025-26 ء کے یو ٹی کیپکس پروجیکٹ شیلف کا حصہ بنایا جائے گا۔وزیر نے بتایا کہ’’راوی کنال اور اس کی ذیلی نہروں کی بہتری‘‘ کے منصوبے کی منظوری کے بعد دو سال کے اندر مکمل کیا جائے گا۔اس منصوبے کے مکمل ہونے سے رام گڑھ حلقے میں آبپاشی کی گنجائش 8,861ہیکٹر تک بڑھ جائے گی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ فنڈز کی دستیابی کے مطابق یوٹی کیپکس بجٹ کے تحت مزید بہتری کے کاموں کو انجام دیا جا رہا ہے۔