جموں //نائب وزیرا علیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے توی دریا پر جموں میونسپل کارپوریشن اور ضلع انتظامیہ کی طرف سے مشترکہ طور منعقد کی گئی سوچھتا ہی سیوا مہم کا آغاز کیا۔ یہ مہم سوچھ بھارت مشن کے تین سال مکمل ہونے کے سلسلے میں چلائی جارہی ہے۔رکن اسمبلی راجیش گپتا، ڈویژنل کمشنر جموں ڈاکٹر ایم کے بھنڈاری، کمشنر جے ایم سی ایم راجیو ، ڈپٹی کمشنر کمار راجیو رنجن کے علاوہ جے ایم سی ، پولیس اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔اس مہم کا مقصد یہ ہے کہ صفائی ستھرائی کے تصور کو عام کیا جائے اور سوچھ بھارت ابھیان میں جدت لائی جائے۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوے نائب وزیر اعلیٰ نے تمام متعلقین پر زور دیا کہ وہ گاندھی جینتی کے موقعہ پر 2اکتوبر کو اختتام پر پہنچنے والی ا س مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرائیں۔انہوں نے کہاکہ سوچھتا ابھیان مہاتما گاندھی کو ایک زبردست خراج عقیدت ہوگا انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ اپنے گرد و نواح میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں۔انہوںنے لوگوں سے کہا کہ وہ عوامی اہمیت کے مقامات ، بس سٹینڈس ، بیت الخلاء ، سکولوں او رکالجوں کو صاف ستھرا رکھیں۔ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا کہ حکومت نے mygov.پر ایک خصوصی پورٹل اور ویب پیج وجود میںلایا ہے تاکہ لوگ شرامدان اور دیگر اقدامات کے بارے میں تصاویر اَپ لوڈ کرسکیں۔انہوں نے سوچھ بھارت مشن کے شرکاء کو ا س موقعہ پر حلف بھی دلایا۔