عظمیٰ نیوز سروس
ٹوکیو//وزیر اعظم نریندر مودی نے کل جاپان کے مختلف صوبوں کے گورنروں سے ملاقات کی۔ اس بات چیت میں سولہ گورنروں نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ ہند۔ جاپان کے موجودہ تعلقات جو دونوں ملکوں کے قدیم تہذیبی رشتوں سے تقویت حاصل کرتے ہیں، مسلسل ترقی کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ہند-جاپان خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری مختلف شعبوں میں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ دہلی اور ٹوکیو کے دائرے سے آگے بڑھتے ہوئے ریاستوں اور صوبوں کی سطح پر تعلقات کو نئی توانائی بخشی جائے ۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم نے 15ویں سالانہ سربراہی اجلاس میں شروع کی گئی ‘‘اسٹیٹ-پریفیکچر پارٹنرشپ انیشی ایٹو’’ پر زور دیا، جو دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، ٹیکنالوجی، سیاحت، مہارت، سلامتی اور ثقافتی روابط کو فروغ دے گا۔ انہوں نے جاپانی گورنروں اور ہندوستان کی ریاستی حکومتوں سے کہا کہ وہ اس نئے اقدام سے فائدہ اٹھائیں اور مینوفیکچرنگ، ٹیکنالوجی، جدت، نقل و حمل، جدید بنیادی ڈھانچے ، اسٹارٹ اپس اور ایس ایم ایز کے شعبوں میں شراکت داری قائم کریں۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ جاپان کے ہر صوبے کی اپنی اقتصادی اور تکنیکی خصوصیات ہیں اور اسی طرح ہندوستانی ریاستوں کی بھی اپنی متنوع صلاحیتیں ہیں، لہٰذا جاپانی گورنروں کو ہندوستان کی ترقی کی کہانی میں شامل ہونا چاہیے ۔ وزیر اعظم نے ان سے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے نوجوانوں اور مہارتوں کے تبادلے کے وعدوں کو پورا کرنے میں تعاون کریں اور جاپانی ٹیکنالوجی کو بھارتی صلاحیت کے ساتھ بہترین طور پر جوڑ دیں۔