سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے گذشتہ شام شہر کے مختلف علاقوں کادورہ کرکے ماہ رمضان کی آمد کے پیش نظر اسٹریٹ لائٹس کے رکھ رکھائو اور بجلی سپلائی کا جائزہ لیا۔صوبائی کمشنر نے ڈلگیٹ،کہنہ کھن،نائو پورہ،خیام چوک،منور آباد،باباڈیمب ،خانیار،فتح کدل،زالڈگر،نواب بازار،کاکہ سرائے کرن نگر،قمر واری،پارمپورہ،جے وی سی بمنہ،مومن آباد بٹہ مالو،نیو سیکریٹریٹ اور جہانگیر چوک میں اسٹریٹ لائٹس اوربجلی کی سپلائی کے بارے میں موقعہ پر ہی جانکاری حاصل کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر،چیف انجینئر پی ڈی ڈی ،جوائنٹ کمشنر ایس ایم سی اورانفورسمنٹ آفیسر ایس ایم سی بھی صوبائی کمشنر کے ہمراہ تھے۔صوبائی کمشنر نے متعلقہ آفیسران کو اہم سڑکوں پر فوری طور اسٹریٹ لائٹس نصب کرنے اور ناکارہ اسٹریٹ لائٹس کی مرمت کی ہدایات دیں۔انہوںنے کہا کہ درگاہوں،زیارت گاہوں اور مساجد کے گردونواح میں بھی اسٹریٹ لائٹس نصب کرنے اور ان کی مرمت کی طرف توجہ دی جانی چاہیے تاکہ ماہ رمضان کے دوران لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوںنے ناکارہ بجلی ٹرانسفارمروں کی مرمت کرنے اور نقصان دہ کھمبوں کو بدلنے کی بھی ہدایات دیں۔صوبائی کمشنر نے ایس ایم سی آفیسران کو عبادت گاہوں کے گردونواح میں صفائی ستھرائی کی طرف ٹھوس توجہ مبذول کرنے پر زوردیا۔