سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیرا حمد خان کی صدارت میں ڈویژنل کمشنر منیجمنٹ اتھارٹی کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں مختلف محکموں کے سربراہان کے ساتھ موسم سرما کے لئے کی جارہی تیاریوں کا مجموعی جائزہ لیا گیا۔وادی کے دیگر اضلاع کے ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔صوبائی کمشنر نے آفیسران کو ناساز گار موسمی حالات سے نمٹنے کے لئے افرادی قوت اور مشینری کو تیاری کی حالت میں رکھنے کی ہدایت دی۔انہوںنے آر اینڈ بی ،ایم ای ڈی،ایس ایم سی اواربن لوکل باڈیز پر برفباری سے پہلے ہی مشینوں کو متعلقہ مقامات تک پہنچانے پر زوردیا۔صوبائی کمشنر نے سڑکوں پر سے برف ہٹانے کے لئے ہسپتالوں اورایمرجنسی خدمات کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت دی۔صوبائی کمشنر کو بتایا گیا کہ کسی بھی امکانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ایس ڈی آر ایف کے دو بٹالینز کو تیار رکھا گیا ہے۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ امکانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پہلی بار ہر ضلع میں ترقیاتی کمشنروں کو 52لاکھ روپے واگذار کئے گئے ہیں۔جب کہ اس مقصد کے لئے صوبائی کمشنر کے دفتر میں مزید 58لاکھ روپے دستیاب رکھے گئے ہیں۔