سرینگر// صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے نے جھیل ڈل کے کنارے غیر قانو نی تجاوزات فوری طور ہٹانے کی ہدایت دی ۔سرینگر میں کل ڈل جھیل کے تحفظ کا جائزہ لینے کے لئے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پی کے پولے نے جھیل ڈل کے کناروںکے ساتھ ساتھ بیلوراڈور فورشور روڈپر تما م غیر قانونی تجاوزات ہٹانے کیلئے مستقل مہم پر زور دیا۔صوبائی کمشنر نے جھیل ڈل کے کنارے غیر قانونی اسٹالوں کے خلاف ایک مستقل مہم چلانے کے لئے متعلقہ محکموں کی ایک مشترکہ ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت دی جس سے ٹریفک جام اور جھیل کے کناروںپردیگر پریشانی پیدا ہوتی ہے۔انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ ڈل جھیل اور اس کے آس پاس علاقوں میں خوبصورتی کے کام کو تیز کریں جبکہ جھیل کے تحفظ ، خوبصورتی اور دیگر متعلقہ کاموں کے بارے میں ایک تفصیلی کارروائی کی رپورٹ پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ رواں سال کے دوران کاموں کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا جائے۔صوبائی کمشنرنے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیںکہ علاقہ میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی تعمیرنہ ہو اور اس کے لئے تمام نامزد مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں۔