سرینگر//لائین آف کنٹرول کے آر پار جانے والے مسافروں کے لئے بمنہ میں موجودعارضی قیام گاہ میں بنیادی سہولیات کا فقدان کے حوالے سے کشمیر عظمیٰ میں چھپی خبر کے بعد صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کل بمنہ میںکراس ایل او سی بس اڈے کا دورہ کیا اور وہاں مسافروںکے لئے دستیاب سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔چیف انجینئر آر اینڈ بی،جنرل منیجر ایس آرٹی سی،جوائنٹ کمشنر ایس ایم سی اوردیگر متعلقہ آفیسران بھی صوبائی کمشنر کے ہمراہ تھے۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے تعمیرات عامہ کے چیف انجینئر کو سڑک پر میکڈم بچھانے کی ہدایت دی تاکہ بسوں کی نقل وحمل میںدشواری پیش نہ آئے۔صوبائی کمشنر نے بس اڈے میں تمام بیت الخلائوں کی فوری مرمت کی بھی ہدایت دی ۔انہوںنے ایس آر ٹی سی کے جنرل منیجر کو ویٹنگ روم کی تعمیر نو کے لئے اقدامات کرنے پر بھی زوردیا ۔بصیر احمد خان نے آفیسران کو ہدایت دی کہ وہ بس اڈے کو جاذ ب نظر بنانے کے لئے فوری طور اقدامات کریں اوریہ کام ایک ہفتے کے اندر اندر شروع کرکے کام کو مقررہ وقت میں پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔