سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کل شہر سرینگر کا تفصیلی دورہ کیا اور شدید بارشوں سے پیداشدہ صورتحال کاجائزہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر،کمشنر ایس ایم سی ،ایس پی ٹریفک اور صحت عامہ اورفلڈ کنٹرول کے آفیسران اور انجینئروں کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی صوبائی کمشنر کے ہمراہ تھے۔صوبائی کمشنر نے جہانگیر چوک،سرائے بالا،یوتھ ہوسٹل گوگجی باغ اور پیر باغ کا دورہ کرکے وہاں نامساعد موسمی حالات سے پیداشدہ صورتحال کا جائزہ لیا۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر کو پانی کے اخراج اورکسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی گئی۔صوبائی کمشنر کو بتایا گیا کہ ایس ایم سی نے شہر میں پانی کی نکاسی کے لئے ڈی واٹر نگ پمپوں کے علاوہ فائر ٹینڈرس کو بھی کام پر لگایا ہے۔صوبائی کمشنر نے متعلقہ آفیسران کو سرینگر شہر میں زیر آب آئے علاقوں میں پانی کی نکاسی کے لئے مزید ڈی واٹرنگ پمپوں اورافرادی قوت کو کام پر لگانے کی ہدایت دی۔لوگوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے صوبائی کمشنر نے انہیں یقین دہانی دی کہ سرکار نے موجودہ ناسازگار صورتحال سے نمٹنے کے لئے موثر لائحہ عمل اختیا رکیا ہے۔بعد میں صوبائی کمشنر نے پانپور میں سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں کا دورہ کیا ۔اُن کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ منیر الاسلام بھی تھے۔