سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کل آفیسران کی ایک میٹنگ میں سرینگرمیونسپل کارپوریشن کے کام کاج اورکارپوریشن کے تحت جاری مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت کاجائزہ لیا۔میٹنگ میںکمشنر ایس ایم سی،جوائنٹ کمشنر ایس ایم سی،ایس ایم سی کے ایگزیکٹیو انجینئر صاحبان اورڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔میٹنگ کے دوران صوبائی کمشنر کو سرینگر میںجاری انہدامی مہم کی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی گئی جس کے تحت شہر میںغیر قانونی ڈھانچوں کو منہدم کیاجارہا ہے۔صوبائی کمشنر نے آفیسران کو انہدامی کارروائیوں میں سرعت لانے اوربلڈنگ پرمشن قواعد پر سختی سے عملدر آمد کرنے کی ہدایت دی۔صفائی ستھرائی کے سلسلے میں کئے جارہے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے صوبائی کمشنر نے ایس ایم سی کو شہر سرینگر میں صفائی مہم میںمزید سرعت لانے کی ہدایت دی تاکہ پورے شہر میں صاف وشفاف ماحول قائم ہوسکے۔صوبائی کمشنر نے تمام ناکارہ اسٹریٹ لائٹس کی فوری مرمت کرنے اور ڈرینیج نظام میں رکائوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت دی۔صوبائی کمشنر نے ایس ایم سی آفیسران پر زوردیا کہ وہ وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے تحت شہر کو پالی تھین کی بدعت سے صاف رکھیں۔