عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے جمعرات کو جناب صاحب صورہ کا خصوصی دورہ کیا تاکہ مسجد، درگاہ اور علاقے کی ترقیاتی ضروریات کا جائزہ لیاجائے۔صوبائی کمشنر کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر سرینگر محمد اعجاز اسد، کمشنر ایس ایم سی، سی ای او سمارٹ سٹی اطہرعامر،ایس ایپی ڈبلیو ڈی ،ضلعی انتظامیہ اور محکمہ مال کے افسران تھے ۔مسجد کی تعمیر نو کے سلسلے میں مزار اور مسجد کمیٹی کے مطالبے کا جواب دیتے ہوئے صوبائی کمشنر نے کہا کہ مسجد کو ورثے میں اہمیت حاصل ہے اسلئے اس ڈھانچے کو محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مسجد کیلئے منظور شدہ 1.75 کروڑ کو تعمیرو تجدیداور تزئین و آرائش کے کاموں کیلئے استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی انتظامیہ وقف بورڈ کے ساتھ مل کر مزار کے متصل احاطے میں ایک نئی مسجد کی تعمیر کی تجویز پر کام کرے گی۔دریں اثناء صوبائی کمشنر نے ایس ایم سی کو ہدایت کی کہ وہ پورے وضو خانہ کی تزئین و آرائش کرے اور نئی کھڑکیاں، ٹائلیں اور دیگر کام ڈھانچے کی تجدید کیلئے ئے جائیں۔بزرگ شہریوں اور مقامی نمائندوں نے صوبائی کمشنرسے نئی ٹیکنالوجی کے ساتھ جدید طرز پر کھیل کا میدان تیار کرنے کی اپیل کی تاکہ نوجوان کھیلوں میں مشغول ہوسکیں۔مقامی لوگوں کو یقین دلاتے ہوئے وجے کمار بدھوری نے متعلقہ اداروں کو تمام سہولیات سے آراستہ کھیل کے میدان کو تیار کرنے کی ہدایت کی اور ساتھ ہی متعلقہ افراد کو مکمل باڑ لگانے کے ساتھ گراؤنڈ کے چاروں طرف پیدل چلنے کا راستہ تیار کرنے کی ہدایت کی۔انہوںنے نوجوانوں کو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے انہیں کھیلوں کے کٹ فراہم کئے جائیں گے تاکہ ان کی توانائی اور کھیلوں میں کیریٔر بنانے کی صلاحیت کو بروئے کار لایا جا سکے۔ مقامی لوگوں نے سڑک رابطے، نکاسی آب کے نظام اور کتوں کی بھرمار کے مسائل بھی صوبائی کمشنر اور دیگر افسران کی نوٹس میں لائے۔اس موقع پرصوبائی کمشنر نے ایس ای پی ڈبلیو ڈی کو سڑک کے بقیہ حصے کی بھرائی کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے مقامی لوگوں کے مطالبے کے مطابق ایک اور سڑک کی تعمیر کی فزیبلٹی تلاش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ کمشنر ایس ایم سی نے کتوں کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔بدھوری نے جناب صاحب صورہ کے مزار پر چشمے کا بھی معائنہ کیا اور ایس ایم سی اور مقامی لوگوں کو اس کی بحالی کیلئے اجتماعی صفائی مہم چلانے کی ہدایت کی۔