سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے جمعرات کو افسران کی ایک میٹنگ میں کشمیر ،لیہہ اور کرگل میں محرم الحرام کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لیا ۔میٹنگ میں ایم ایل اے جڈی بل ،ڈپٹی کمشنر سرینگر ،آئی جی ٹریفک ،جوائنٹ کمشنر ایس ایم سی ،آر ٹی او کشمیر ،ایس ایس پی ٹریفک ،ڈی جی ایم ایس آر ٹی سی،چیف انجینئر یو ای ای ڈی ،پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہیلتھ ،ڈپٹی میڈیکل سپر انٹنڈنٹ سکمز،ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اورانجمن شرعی شعیان وحسینی ویلفیئر کمیٹی کے نمائندوںکے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی میٹنگ میںموجود تھے۔جبکہ لیہہ اور کرگل کے ترقیاتی کمشنر وں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔صوبائی کمشنر نے افسران پر زوردیا کہ وہ لوگوں خصوصاً شیعہ برادری والے علاقوں میں محرم کے لئے تمام لازمی انتظامات دستیاب رکھیں۔انہوں نے متعلقہ محکموں پر بلا خلل بجلی اورپانی کی دستیابی کے علاوہ اشیائے خوردنی ،کھانڈ،ایل پی جی،بالن اوردیگر اشیا دستیاب رکھنے پر زوردیا ۔صوبائی کمشنر نے ان ایام متبرکہ کے دوران ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کی تعیناتی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔صوبائی کمشنرنے سٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن اورریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کشمیر کو شیعہ آبادی والے علاقوں میں بسوں کا معقول انتظام کرنے کی ہدایت دی ۔انہوںنے سرینگر میںمیونسپل کارپوریشن کو امام باڈوں اوران کے گردونواح میں صفائی ستھرائی کے لئے موثر اقدامات کرنے کے احکامات دئیے۔اس موقعہ پر تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں نے بتایا کہ انہوںنے اپنے متعلقہ اضلاع میں پہلے ہی محرم انتظامات کو حتمی شکل دی ہے۔صوبائی کمشنر نے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام اضلاع کے ہیڈکواٹروںمیں مشترکہ کنٹرول روم قائم کریں تاکہ عوامی شکایات کا ازالہ یقینی بن سکے۔انہوںنے ضلع ترقیاتی کمشنروں سے کہا کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں امام باڈوں کا بذات خوددورہ کرکے انتظامات کائزہ لیں۔انہوں نے ترقیاتی کمشنروں سے کہا کہ وہ ایک ایکشن پلان ترتیب دیں اورپانچ یوم کے ا ند ر اندر اس کی نقل ممبر اسمبلی جڈی بل کو پیش کریں۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے ضلع انتظامیہ کو ذوالجناح کے جلوسوں کے انعقاد کے لئے معقول اورمناسب انتظامات کرنے کے ہدایات دیں۔