سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے جمعرات کو ایک میٹنگ کی صدارت کے دوران ماہ رمضان کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ایڈیشنل کمشنر کشمیر ،ڈپٹی کمشنر سرینگر،آئی جی پی ایس او،امور صارفین وعوامی تقسیم کاری کے ناظم ،ڈپٹی کنٹرولر ڈرگ اینڈ فوڈ ،چیف سینیٹشن آفیسر ایس ایم سی،ڈپٹی کنٹرولر ایل ایم ڈی،ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ اورایس پی ٹریفک کے علاوہ آرٹی او کشمیر اوراوقاف آفیسران بھی میٹنگ میں موجود تھے جب کہ کشمیر ڈویژن کے ضلع ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔صوبائی کمشنر نے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو مختلف علاقوں اور بازاروں میں مارکیٹ چیکنگ میں سرعت لانے اورباقاعدگی کے ساتھ بازاروں کا معائنہ کرنے پر زوردیا ۔انہوںنے کہا کہ اس مقصد کے لئے خصوصی سکارڈ قائم کئے جانے چاہیےں جو کہ شام کو عوام کے لئے لازمی سہولیات کی دستیابی کا بھی جائزہ لیں گے تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوںنے ترقیاتی کمشنروں کوعوامی شکایات کے ازالے کے لئے کنٹرول روم قائم کرنے پر بھی زوردیا۔لازمی اشیا¿ کی دستیابی کے بارے میں صوبائی کمشنر نے خوراک امور صارفین وعوامی تقسیم کاری کو ہدایات دیں کہ وہ تقسیم کاری کے نظام میں بہتری لائیں اورتمام اضلاع میں مقررہ وقت پر لوگوں کے لئے اشیائے خوردنی کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔بصیر احمد خان نے مساجد اورزیارت گاہوں میں بجلی اورپانی کی بلا خلل سپلائی کے لئے مناسب اقدامات کرنے پرزوردیا ۔انہوںنے پی ڈی ڈی سے کہا کہ وادی بھر میں ناکارہ سٹریٹ لائٹس کی فوری طور مرمت کی جانی چاہیے۔صوبائی کمشنر نے ایس ایم سی اورمیونسپل کمیٹیوں کو مساجد اور دیگر عوامی مقامات اوراس کے گردونواح میں صفائی ستھرائی کی طرف ٹھوس توجہ دینے پر زوردیا۔انہوںنے متعلقہ محکموں کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے پر زوردیا تاکہ ایام متبرکہ کے دوران لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرناپڑے۔