سرینگر//صوبائی کمشنرکشمیر بصیر احمد خان نے شہر سرینگر کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف سرکاری ایجنسیوں کی طرف سے جاری ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائز ہ لیا۔ڈپٹی کمشنرسرینگر ،ڈی آئی جی پولیس،ناظم تعلیم،کمشنر ایس ایم سی،جنرل منیجر جے کے ہائوسنگ بورڈ، تعمیرات عامہ اورپاورڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے انجینئر،اے آر ٹی او اورمحکمہ مال ،صحت اور پولیس کے آفیسران کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی صوبائی کمشنر کے ہمراہ تھے۔صوبائی کمشنر نے شہر کے مختلف مقامات پر سڑکوں پر میکڈم بچھانے کے کام کاجائزہ لیا۔انہوںنے نئے ہارون پُل کی تعمیر کا کام کا بھی جائزہ لیا جس پر 2.68کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت آرہی ہے۔انہوںنے چندہ پورہ پُل کی تعمیر کے کام کا بھی جائزہ لیا۔بصیر احمد خان نے منی میٹرنٹی سینٹر اورہسپتال کا بھی دورہ کیا جس پر 12.83کروڑ روپے کی لاگت آرہی ہے اوریہ پروجیکٹ اپریل2018.میں مکمل ہوگا۔رعناواری میں جے ایل این ایم ہسپتال کے اضافی بلاکوں کی تعمیر کے کام کاجائزہ لینے کے دوران انہوںنے کام کی رفتا رمیں تیزی لانے پر زوردیا۔اس پروجیکٹ پر 14.18کروڑ روپے کی لاگت آرہی ہے۔صوبائی کمشنر نے رڈہ پورہ،خانیار اورجامع مسجد نوہٹہ میں کیمونٹی ہالوں کا دورہ کیا۔اس موقعہ پر انہیں بتایا گیا کہ ان پروجیکٹوںپر بالترتیب 1.94کروڑ اور1.87کروڑ روپے کی لاگت آرہی ہے۔بصیر احمد خان نے نواکدل ڈگر ی کالج کا دورہ کرکے وہاں اکیڈیمک کم سائینس بلاک کی تعمیر کا معائنہ کیا جس پر 5.84کروڑروپے کی لاگت آرہی ہے۔ انہوںنے جے کے ہائوسنگ بورڈ کو کالج میں پروجیکٹ کا کام فوری طور شروع کرنے کی ہدایت دی۔صوبائی کمشنر نے ڈاکٹر علی جان روڈ پر نئے ڈرگ ڈی ایڈیکشن سینٹر کی جگہ کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقعہ پر انہوں نے آفیسران کو فوری طور کام شروع کرنے کی ہدایت دی ۔انہوںنے پارم پورہ نئے بس اسٹینڈ کی تعمیر کی پیش رفت کابھی جائزہ لیا۔صوبائی کمشنرنے بمنہ میں ٹیچر بھون کا بھی معائنہ کیا جو کہ جے کے ہائوسنگ بورڈ 7.51کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کررہا ہے۔انہوں نے انجینئروں کو پروجیکٹ کا باقی ماندہ کام فوری طور مکمل کرنے اوراسے ڈائریکٹرسکول ایجوکیشن کشمیر کو سونپنے کی ہدایت دی۔