عظمیٰ نیوزسروس
جموں//ہندوستان کے مرد آہن سردار ولبھ بھائی پٹیل کے 150ویں یوم پیدائش کی یاد میں گلشن گراؤنڈ سے 150یونٹی مارچ کا انعقاد کیا گیا۔اس مارچ کو ڈویژنل کمشنر رمیش کمار نے آئی جی پی بھیم سین توتی، ڈپٹی کمشنر جموں ڈاکٹر راکیش منہاس، ڈی آئی جی شیو کمار اور اے ڈی سی انسویا جموال کی موجودگی میں جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر میرا یووا بھارت، جموں و کشمیر اور لداخ نثار احمد بٹ بھی موجود تھے۔مارچ گجر نگر پل سے گزر کر ہری سنگھ پارک پر اختتام پذیر ہوا۔ جموں و کشمیر پولیس اور بی ایس ایف کے بینڈوں کے ساتھ این سی سی کیڈٹس، این ایس ایس رضاکاروں، اسکولی طلباء اور ضلع انتظامیہ کے افسران اور عملے نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور قوم کے اتحاد اور خودمختاری کو برقرار رکھنے کا عہد کیا۔اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگوئجز کے سکول کے طلباء اور فنکاروں نے حب الوطنی پر مبنی پرفارمنس پیش کی۔ یونیٹی رن کے حصے کے طور پر ٹیبلوز بھی دکھائے گئے۔
 
								 
			 
		 
		 
		 
		 
		 
		 
		