گاندربل//خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے سینٹرل یونیورسٹی کشمیر نے یونائیٹڈ کنگ ڈم انڈیا ایجو اینڈ ریسرچ انیشیٹو اور وائس فار پیس اینڈ جسٹس کے اشتراک سے "خواتین کو عزت" کے تحت ایک تقریب کا انعقاد مانسبل میں کیا گیا۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر فاروق احمد شاہ، رجسٹرارپروفیسر ایم افضل زرگر، فائنانس آفیسرپروفیسر فیاض احمد نکہ،وی ایف پی جے چیئرمین، فاروق گاندربلی، یونیورسٹی کے سینئر عہدیداران، فیکلٹی ممبران، ریسرچ اسکالرز اور طلبا بھی موجود تھے۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر فاروق احمد شاہ نے کہا کہ صنفی مساوات کی طرف لے جاتی ہے جس کے نتیجے میں خواتین کو بااختیار بنایا جاتا ہے اور صنف کی پائیدار ترقی کی ضمانت ہوتی ہے۔ پروفیسر فاروق احمد شاہ نے کہااس سال کا تھیم "ایک پائیدار کل کے لیے آج صنفی مساوات" ہے۔وائس چانسلر نے کہا کہ اس وقت بہت ساری خواتین غیر رسمی معیشت میں سماجی تحفظ، عوامی خدمات اور بنیادی ڈھانچے تک محدود رسائی کے ساتھ زندگی گزار رہی ہیں جو ان کی پیداواری صلاحیت اور آمدنی کے تحفظ کو بڑھا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد معاشرے میں خواتین کے کردار کو اجاگر کرنا اور اس کی شناخت کرنا اور صنفی مساوات کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رجسٹرار پروفیسر ایم افضل زرگر نے کہا کہ خواتین معاشرے کی مجموعی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ "عصر حاضر میں، خواتین زندگی کے ہر شعبے میں مردوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کام کر رہی ہیں اور اپنے گھر کا انتظام بھی کر رہی ہیں۔ انہوں نے ایسے پیشوں میں قدم رکھا ہے، جن پر پہلے مردوں کا غلبہ سمجھا جاتا تھا.انہوں نے مزید کہا کہ خواتین مردوں کے مقابلے میں زیادہ بلا معاوضہ دیکھ بھال اور گھریلو کام کرتی ہیں.خواتین کو ان کی زندگی میں تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس کے باوجود عوامی خدمات، شہری منصوبہ بندی اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو خواتین کی حفاظت اور نقل و حرکت کو ذہن میں رکھتے ہوئے شاذ و نادر ہی منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔