سرینگر//کشمیر یونیورسٹی کے گاندھی بھون میں کل صنعتی ترغیبی مہم کے سلسلے میں ایک روزہ ورکشاپ منعقد ہوا جس کا اہتمام وزارتِ مائیکرو سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائیزز ڈیولپمنٹ انسٹچیوٹ نے جے اینڈ کے سٹیٹ ریسورس سینٹر کشمیر یونیورسٹی کے اشتراک سے کیا۔اس موقعہ پر رجسٹرار کشمیر یونیورسٹی پروفیسر خورشید احمد بٹ مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔انہوںنے کہا کہ اس طرح کے ورکشاپوں کے انعقاد کا مقصد بیروزگارنوجوانوں کو ریاستی اورسرکاری معاونت والی سکیموں کے بارے میںجانکاری فراہم کرنا ہے تاکہ خود روزگار کے قابل بن سکیں ۔انہوںنے کہا کہ تاریخ نے یہ بات ثابت کردی ہے کہ صنعتکار بنائے جاتے ہیں ،انہیں پیدا نہیں کیاجاتا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان صلاحیتوں سے مالا مال ہیں البتہ اُن کی صلاحیتوں کو مختلف شعبوں کے تحت اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ورکشاپ سے خطاب کے دوران پروفیسر ایس مفید ڈائریکٹر جے کے ریسورس سینٹر کشمیر یونیورسٹی نے کہا کہ شعبے کی طرف سے طلبأ کے لئے انٹرپرنیورشِپ تربیتی پروگرام کا انعقاد پہلی بار کیاجارہا ہے جس سے طلبأ کو بازاروں کا جائزہ لینے کے بعد اپنے روزگار یونٹ قائم کرنے میں مدد ملے گی۔