ممبئی //وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے صنعتوں کی معروف شخصیات کے ساتھ ملاقات کی اور ان کے ساتھ ریاست جموں وکشمیر میں تجارت کرنے کے اُبھرتے ہوئے مواقعوں سے جڑے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوںنے صنعت کاری کے ان لیڈروں کو جانکاری دی کہ ریاست میں سڑک اور فضائی رابطوں میں بہتری لانے اور ادارہ جاتی صلاحیت کو فروغ دینے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔معروف ٹور آپریٹرس ۔ مہندرا ہولڈیز اینڈ ریزاٹس کے ایگزیکٹیو زکے ساتھ ایک میٹنگ میںگروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر کویندر سنگھ نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ اُن کی کمپنی ریاست میں اپنی موجودگی بڑھانے کی متمنی ہے اور وہ محکمہ سیاحت کے اشتراک سے کام کرنے کے لئے تیار ہے۔محبوبہ مفتی نے جے کے ٹوراِزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر سے کہا کہ وہ گروپ کے نمائندوں کے ساتھ باہمی اشتراک کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو ریاست کی طرف راغب کیا جاسکے۔اِسار گروپ کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ کے دوران وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے ریاست میں تجارت کے ابھرتے ہوئے مواقعوں کو زیر بحث لایا اور گروپ پر زور دیا کہ وہ ریاست میں کال سینٹر س قائم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی دیگر سرگرمیوں کوبھی وسعت دیں تاکہ مقامی نوجوانوں کے لئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کیا جاسکیں۔اِسار گروپ کے ڈائریکٹر انشمن رویا نے وزیر اعلیٰ کو جانکاری دی کہ اُن کا گروپ ریاست میں ایک کال سینٹر قائم کرنے کی ضمن میں کام کررہا ہے اور اس حوالے سے بنیادی سطح کا کام ہاتھ میں لیا گیا ہے۔ اس سے قبل محبوبہ مفتی نے ریلائنس گروپ چیئرمین مکیش امبانی کے ساتھ بھی ملاقات کی اور ریاست میں مختلف کاروباری یونٹ قائم کرنے سے جڑے امور پر تبادلہ خیال کیا۔