عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے کشمیر کے صنعت و تجارت محکمہ کے کام کاج کا تفصیلی جائیزہ لیا ۔ جائیزے میں این سی ایس ایس کے تحت تمام ترغیبات کی تقسیم ، زیر التواء کیسز ، کشمیر صوبے کے صنعتی اسٹیٹس میں زمین کی دستیابی اور اس کی الاٹمنٹ ، فعال اور ناکارہ یونٹس کی تفصیلات ، این سی ایس ایس پیکج کی تفصیلات ، صنعتی یونٹس کی نیلامی کے ساتھ ساتھ آمدنی کی تفصیلات اور خصوصی امداد برائے سرمایہ کاری ( ایس اے ایس سی آئی ) کے تحت منصوبوں کی حیثیت شامل تھی ۔انہوںنے صنعتی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی حیثیت اور بروقت عملدرآمد کا بھی جائیزہ لیا تا کہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ شفاف اور موثر طریقے سے نافذ ہوں ۔ انہوں نے متعلقہ حکام اور افسران کو ہدایت دی کہ وہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں ، سرمایہ کاروں کیلئے ساز گار ماحول پیدا کریں ، اسٹارٹ اپس اور کاروباری افراد کی حمایت کریں اور تجارت اور صنعتی ترقی کیلئے بہتر پالیسیاں تیار کریں ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے جنرل منیجر پر زور دیا کہ وہ درخواست دہندگان کے معاملات کو قوائد کے مطابق سختی سے پیروی کریں اور ان کا تعاقب کریں تا کہ مراعات پر مبنی اسکیموں کے فوائد ہر مستحق تک بغیر کسی تاخیر کے پہنچ سکیں ۔ سریندر چودھری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت سرمایہ کاروں کیلئے صنعتوں کے قیام کو آسان بنانے پر مرکوز ہے تا کہ بغیر کسی پریشانی کے خدمات فراہم کی جائیں ۔ سریندر چودھری نے صنعت و تجارت محکمے کو ہدایت دی کہ وہ جموں و کشمیر کے صنعتی ماحولیاتی نظام کو مضبوط کرنے کیلئے ایک فعال اور جامع نقطہ نظر اپنائیں جس میں روز گار کی تخلیق ، پائیداری اور مسابقت پر خصوصی توجہ دی جائے ۔