سرینگر//صفاکدل سے زونی مر تک علی جان رابطہ سڑک کی خستہ حالی سے عوام کو گونا گوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ مقامی آبادی نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ گزشتہ سال سے اب تک صفاکدل چوک سے لیکر زونی مر تک تین کلومیٹر لمبی مسافت والی علی جان شاہراہ جگہ جگہ اکھڑ جانے سے عبور و مرور میں سخت مشکلات درپیش ہیں۔ صفاکدل چوک میں صورہ جانے والی علی جان شاہراہ کی زونی مر تک حالت انتہائی خستہ اور ناکارہ ہوچکی ہے جس پر نجی گاڑیاں چلانے والوں کے ساتھ ساتھ کمرشل گاڑیوں کے مالکان کو بھی نفع کی بجائے نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔شاہراہ کی خرابی کے باعث روزانہ ٹریفک جام بھی عوام کو برداشت کرنا پڑتا ہے جس سے وقت مقررہ پر منزلوں تک پہنچنے میں تاخیر ہوجاتی ہے ۔ لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ اور گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر شاہراہ کی مرمت کا کام شروع کیا جائے تاکہ ذہنی کوفت سے راحت نصیب ہوجائے ۔