راجا ارشاد احمد
گاندربل//دو دن قبل صفاپورہ میں پیش آئے گھنانے جرم کو حل کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے اندر ہی اس میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا۔پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کوندہ بل صفاپورہ میں پیش آئے گھنانے جرم جس میں خاتون کے ساتھ عصمت دری اور اس کے بعد اس کے قتل کا معمہ حل کرلیا ہے۔ اس جرم میں ملوث مقتولہ کے رشتہ دار کو پولیس نے حراست میں لے کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا.۔واضع رہے کہ 12 جولائی کو کوندہ بل صفاپورہ کی خاتون کی لاش ہسپتال لائی گئی جو ابتدائی طور پر گھر میں پیش آئے حادثے میں جاں بحق ہونے کا معاملہ لگ رہا تھا تاہم لاش کی حالت دیکھ کر پولیس کو حالات کچھ مشکوک دکھائی دیئے جس کے چلتے پولیس نے تفصیلی تحقیقات شروع کرنے پر مجبور کیا۔پولیس نے لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے کے لئے لاش کو ضلع ہسپتال گاندربل منتقل کیا. پولیس کے مطابق “شروع سے ہی ہمیں خاندان کی طرف سے دیے گئے بیان میں کچھ تضادات محسوس ہوئے جس کی وجہ سے ہمیں کچھ شک و شبہ دکھائی دیا۔معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایس ایس پی گاندربل خلیل احمد پوسوال کی ہدایت پر اویس لون ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر گاندربل کی نگرانی میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی، جو درستگی اور حساسیت کے ساتھ آگے بڑھی،تفتیش کے دوران پولیس کو پتہ چلا کہ متوفی اپنے بیٹے کے ساتھ برکاتی محلہ صفاپورہ اپنے شوہر کی بہن( بھابھی)کے گھر رات بسر کرنے گئی جہاں سے دوسرے روز ان کو سیرو تفریح کے لیے پروگرام بنا تھا.۔اسی رات خاتون کو دانت میں درد کی شکایت کے محسوس ہوئی جس کے چلتے بھابھی کے شوہر سجاد نے اسے پرائمری ہیلتھ مرکز صفاپورہ اپنی موٹرسائیکل پر لے گیا. جہاں دانت کے درد کا علاج کرکے گھر کی طرف روانہ ہوئے تاہم گھر واپس آنے کے بجائے سجاد اسے الگ تھلگ سنسان کھیت کی طرف مڑ گیا جس کے چلتے متاثرہ نے خطرہ محسوس کیا اور موٹرسائیکل سے چھلانگ لگانے کی دھمکی دی تو سجاد نے موٹرسائیکل روک کر متاثرہ خاتون کو مبینہ طور پر زمین پر دھکیل دیا، جس کے نتیجے میں اس کے سر پر شدید چوٹ آئی اور وہ بے ہوش ہوگئی۔ پھر درندہ صفت شخص نے اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔جس کے بعد وہ اسے اسی حالت میں اپنے گھر واپس لایا اور جھوٹی کہانی گھڑ لی کہ وہ بیت الخلا میں حادثے کا شکار ہو گئی ہے۔ معاملے میں پیش رفت اس وقت ہوئی جب تفتیش کاروں کو سڑک پر خون کے نشانات ملے جس کے نتیجے میں پولیس کو اہم سراغ ملے۔ تحقیقات میں شامل پولیس آفیسر نے بتایا کہ “ملزم نے موت کی وجہ بیت الخلا میں پیش آئے حادثہ بتا کر خاندان اور حکام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ تاہم، ہماری تفتیشی ٹیم نے سچائی سے پردہ اٹھانے کے لیے چوبیس گھنٹے کے دوران ہی مکمل کیا.۔ملزم سجاد احمد بٹ ولد غلام قادر ساکنہ برکاتی محلہ صفاپورہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے، مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔