کپوارہ//وزیر برائے دیہی ترقی و پنچایتی نظام اور قانون و انصاف عبدالحق نے کہا کہ حکومت دیہی علاقوں میں ویسٹ منیجمنٹ کے لئے ماحول دوست میکانزم مرتب کر رہی ہے۔اُنہوں نے وادی کشمیر کو دوبارہ صفاف و شفاف اور صحت مند بنانے کے لئے عوام سے تعاون طلب کیا ہے۔سوچھ بھارت مشن کے تحت چیک تقسیم کرنے کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ صفائی سے صحت مند زندگی یقینی بنتی ہے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ وادی کو ایک بار پھر صحیح معنوں میں جنت بے نظیر بنانے کے لئے حکومت کو تعاون دیں۔اُنہوں نے کہا کہ مذہب نے بھی ہمیں اپنے گردو نواح کو صاف و ستھرارکھنے کی ہدایت دی جبکہ اسلام میں صفائی ایمان کا لازمی جز ہے۔ عبدالحق نے کہا کہ حکومت عنقریب ویسٹ منیجمنٹ کے لئے پنچایتی سطح پر ایک میکانزم اختیار کر رہی ہے۔دیہی علاقوں میں بھی کوڑا کرکٹ سے زیر زمین پانی پر بھی مضر اثرات پڑ رہے ہیں اور کوڑا کرکٹ کے ذخیروں کے گرد و نواح میں ہوا بھی آلودہ ہو رہی ہے جو ایک بہت بڑا چیلنج بن رہا ہے۔ اس مشن کے لئے طلاب سے تعاون طلب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ طلاب وادی کے صاف و شفاف کے لئے بہترین نمائندے بن سکتے ہیں اور انہوںنے ان سے اپیل کی کہ وہ سڑکوں کے کنارے کوڑا کرکٹ نہ پھینکے بلکہ کوڑے دانوں کا استعمال کریں۔انہوںنے کہا کہ وادی کے باشندگان ہی کشمیر کی خوبصورت وادی کو کوڑا کرٹ اور پالتھین کی تباہی سے بچاسکتے ہیں۔اس سے قبل وزیر نے 3842 مستحقین کے حق میں سوچھ بھارت مشن کے تحت 4.61کروڑ روپے کی مالیت کے چیک محکمہ دیہی ترقی وپنچایتی راج نظام کی جانب سے ٹورسٹ ریسپشن سینٹر کپواڑہ میں ایک تقریب میں تقسیم کئے۔