سرینگر//ملک بھر میں صاف ستھرے شہروں کی فہرست میں شہر سرینگر کو 241ویں نمبر پر دھکیلنے کو پی ڈی پی بھاجپا حکومت کا ایک اور بدترین سنگ میل قرار دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ہر ایک محاذ پر ناکام ثابت ہوئی ہے اور شہر سرینگر میں حکمران جماعت کے 5ممبران اسمبلی ہونے کے باوجود اس تاریخی شہر اور دارالخلافہ کیساتھ سوتیلی ماں سلوک روا رکھا جارہا ہے۔ پارٹی ترجمان جنید عظیم متو نے کہا کہ مرکزی سرکار کی طرف سے ’سوچھ سُرورشن 2017‘ سروے کے تحت شہر سرینگر صفائی کے معاملے میں 241نمبر پر ہے، جس سے پی ڈی پی حکومت کی اڑھائی سالہ کارکردگی کی قلعی کھل کر رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2017کے سروے میں شہر سرینگر کی صفائی اور ستھرائی کے معاملے میں اتنی تنزلی انتہائی تشویشناک بات ہے۔ پی ڈی پی مخلوط حکومت نے شہر سرینگر کو پورے ملک میں آلودہ اور غلیظ ترین شہروں میں سرفہرست لا کھڑا کردیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اگر چہ اپوزیشن اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے وقت وقت پر حکومت کو صفائی اور ستھرائی اور دیگر انتظامی ناکامی اُجاگر کی جاتی رہی لیکن حکمران خواب غفلت میں بیدار نہیں ہوئے۔