جموں//خاکروبوں کی طرف سے کی گئی ہڑتال جاری ہے جس کی وجہ سے شہرکے بیشتروارڈوں میں گندگی کے ڈھیرجمع ہوگئے ہیں۔ اس سلسلہ میں جموںمیونسپل کارپوریشن کے صفائی کرمچاریوں کی یونین کے زیر اہتمام ایک مظاہرہ کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے بتایا کہ جموں میونسپل کارپوریشن کے وارڈوں کی تعداد 23سے بڑھا کر 71کر دی گئی ہے لیکن اس تناسب سے کرمچاریوں کی تعداد میں اضافہ نہیں کیا گیا ہے جس سے کرمچاریوں پر کام کا بوجھ بے انتہا بڑھ گیا ہے ۔ اس کے علاوہ حال ہی میں متعارف کروائے گئے این جی او سسٹم کو حق تلفی قرار دیتے ہوئے انہوںنے فی الفور اسے بند کرنے کی مانگ کی۔ کیجول بنیادوں پرکام کرنے والے صفائی کرمچاریوں کی تنخواہوں میں اضافہ کی مانگ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں بار بار یقین دہانیاں کروائی جاتی رہی ہیں لیکن ابھی تک کوئی بھی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔ کارپوریشن کے ورکروں اور صفائی کرمچاریوں کو بیمہ پالیسی کے دائرہ میں لائے جانے کے علاوہ برسوں سے عارضی بنیادوں پر کام کر رہے ملازمین نے مستقل کئے جانے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جموں میونسپل کارپوریشن کے کام کاج کو چلانے کے لئے 3000صفائی کرمچاریوں کی ضرورت ہے لیکن صرف1056کرمچاری تعینات ہیں جب کہ مزید 800کیجول لیبر کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جو کہ ضرورت مندوں کا صرف 55فیصد ہی بنتا ہے ۔