سرینگر //جموں و کشمیر کے 11اضلاع میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر9اضلاع میں 24افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 42ہزار 275ٹیسٹ کئے گئے جن میں 3مسافروں سمیت مزید 24افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 4لاکھ 53ہزار 347ہوگئی ہے۔ اس دوران مسلسل 5ویں دن بھی جموں و کشمیر میں کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 4749بنی ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے 24افراد متاثر ہوئے جن میں 12جموں جبکہ 12کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ کشمیرکے بڈگام، پلوامہ، کپوارہ، اننت ناگ ، بانڈی پورہ، گاندربل، کولگام اور شوپیان میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 2اضلاع میں 12افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ کشمیر میں مثبت قرار دئے گئے 12افراد میں2 بیرون ریاستوں سے سفر کرکے کشمیر پہنچا جبکہ دیگر 10افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں متاچر ہونے والے 12افراد میں سرینگر میں 10جبکہ بارہمولہ میں صرف 2افراد متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 87ہزار 212ہوگئی ہے۔ اس دوران کشمیر میں مسلسل 15ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2423بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے کے ادھمپور، کشتواڑ اور رام بن میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 7اضلاع میں 12افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں ۔ جموں صوبے میں مثبت قرار دئے گئے 12افراد میں ایک بیرون ریاستوں سے سفر کرکے لوٹا جبکہ دیگر 11مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے کے 12متاثرین میں جموں میں5، راجوری میں 1، ڈوڈہ میں 1، کٹھوعہ میں 2، سانبہ میں 1، پونچھ میں 1 جبکہ ریاسی میں 1افراد متاثر ہوا ہے۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 66ہزار 135ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں صوبے میں مسلسل 5ویں دن بھی کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ جموں صوبے میں متوفین کی تعداد 2326بنی ہوئی ہے۔
کووڈ مریضوں کیلئے مخصوص اسپتالوں میں سے 56خالی
ڈی آر ڈی او کھنموہ میں صرف 3داخل،،سی ڈی اسپتال میں کوئی نہیں
سرینگر /پرویز احمد /عالمی وباء کے 2سال کے دوران پہلی مرتبہ وادی کے3 بڑے اسپتالوں میںکوئی کووڈ مریض زیر علاج نہیں ہے۔ سکمز صورہ، صدر اسپتال اورسی ڈی اسپتال ڈلگیٹ میں کووڈ مریضوں کیلئے مخصوص وارڈ خالی پڑے ہیں۔ ڈی آر ڈی او اسپتال کھنموہ میں صرف 3مریض ہیں جن میں 2کی حالت نازک ہے اور وہ آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر سرکار نے امسال اپریل میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران جموں و کشمیر میں 57سرکاری اسپتالوں کو کوویڈ اسپتال کا درجہ دیا تھا جن میں 34جموں جبکہ 23کشمیر میں تھے۔ کوویڈ اسپتالوں میں تبدیل کئے گئے ٹریشری کیئر اسپتالوں میں سکمز صورہ و بمنہ، صدر اسپتال ، سی ڈی اسپتال ڈلگیٹ، جواہر لال نہرو رعناواری کے علاوہ کشمیر ویلی نرسنگ ہوم کا نام شامل ہے ۔ جی ایم سی بارہمولہ و اننت ناگ کے علاوہ ضلع اسپتال شوپیان، پلوامہ، بانڈی پورہ اور گاندربل ،ایس ڈی ایچ سوپور، ٹروما اسپتال اننت ناگ،این ٹی پی ایچ سی آکورہ اننت ناگ، سی ایچ سی حاجن، این ایچ پی سی بانڈی پورہ، سی ایچ سی دیور ،پی ایچ سی پیٹھکوٹ بڈگام، پی ایچ سی چھانہ پورہ، پی ایچ سی پرس آباد بڈگام، سی ایچ سی ناگام بڈگام، ایم سی ایچ کولگام،اور سی ایچ سی کپوارہ میں کوئی بھی مریض زیر علاج نہیں ہے ۔ ڈی آر ڈی او کھنموہ کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالرشید پرہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ اسپتال میں اب صرف 3مریض زیر علاج ہیں جن میں 2کی حالت نازک ہے اور وہ آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تینوں مریض مقامی ہیں۔ ڈاکٹر پرہ نے کہا کہ تیسری لہر میں کمی آنے کی وجہ سے عملہ کے چند افراداپنی ڈیوٹیوںپر واپس چلے گئے ہیں۔ ادھر جموں صوبے میں کوئی بھی کورونا مریض زیر علاج نہیں ہے۔ محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق جموں صوبے میں 34اسپتال کورونا مریضوں کیلئے دستیاب رکھے گئے تھے جن میںجی ایم سی جموں، ڈی آر ڈی او جموں،ایم سی ایچ گاندھی نگر،راجیو گاندھی ، ایسکام ، گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں، سی ایچ سی بھدروہ، جی ایم سی راجوری،جی ایم سی کٹھوعہ، ایس ایچ سی بسولی،سی ایچ سی ناگری پیرول، اے کے گپتا اسپتال، نارائن اسپتال کٹرہ، ضلع اسپتال ریاسی ، ایس ڈی ایچ کٹرا ، ایس ڈی ایچ کشتواڑ،، سی ایچ سی مینڈھر، سی ایچ سی سرنکوٹ، سی ایچ سی منڈی، ضلع اسپتال ادھمپور، سی ایچ سی چینینی، سی ایچ سی رام نگر ، حلع اسپتال سانبہ، سی ایچ سی رام گڑھ، اے ایچ گگوال سانبہ اور ضلع اسپتال رام بن میں میں کوئی بھی مریض زیر علاج نہیں ہے۔