سرینگر//صدر ہسپتال کے شعبہ امراض چشم میں کارنیا تبدیل کرنے کی سہولیات کا ا ٓغاز ہوگیا ہے اور وادی میں پہلی مرتبہ تین مریضوں کا کارنیا تبدیل کیا گیا ہے ۔ کارنیا کی تبدیلی کی سہولیات کی فراہمی کا آغاز جمعہ کو آل انڈیا انسٹیچوٹ آف میدیکل سائنسز کے ماہر کارنیا ڈاکٹر راجیش سنہا نے تین مریضوں کا کارنیا تبدیل کرکے کیا۔ وادی میں کارنیا کی تبدیلی کے بارے میں بات کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر راجیش سنہا نے کہا ’’ میں حیران ہوں کہ وادی میں کارنیا کی تبدیلی کیلئے اتنا بنیادی ڈھانچہ فراہم کیا گیا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ صدرہسپتال میں امراض چشم کے ماہرین نے بہت اچھے طریقہ سے کارنیا تبدیل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کارنیا تبدیل کرنے والے ڈاکٹروں پر صرف نظر رکھی تاکہ وہ بھی کارنیا کی تبدیلی کا عمل اچھے طریقے سے سمجھ سکے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں بنیادی ڈھانچے کے علاوہ ماہر ڈاکٹر بھی موجود ہے تاہم کسی جگہ کسی مشین یا کسی سامان کی کمی ہے وہ بھی آہستہ آہستہ پوری ہونے کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھارت میں پہلا کارنیا سینٹر ہوگا جس میں کارنیا کی تبدیلی کیلئے الگ سے انتظامات کئے گئے ہیں اور اگر ماہر امراض چشم کی ٹیم اسی طرح کام کرتی رہی تو وادی کارنیا سینٹر چند سال کے اندر بھارت کے بہترین کارنیا سینٹروں میں شمار کیاجائیگا۔ کشمیر میں کارنیا کی تبدیلی کی سہولیات کے بارے میں بات کرتے ہوئے صدرہسپتال میں شعبہ امراض چشم کے سربراہ ڈاکٹر طارق قریشی نے کہا ’’ پہلے مرحلے کی کارنیا کی تبدیلی کی تین جراحیاں عمل میں لائیں گئی جن میں دو مرد اور ایک خاتون شامل ہے۔ ڈاکٹر طارق قریشی نے کہا کہ وادی میں کارنیا کی تبدیلی کیلئے مریضوں کو باہر جاکر لاکھوں روپے صرف کرنے پڑتے تھے مگر اب یہ سہولیات وادی میں شروع کی گئی ہے اور ان سہولیات سے عام لوگوں کے اعلاوہ ان پیلٹ متاثرین کو بھی راحت نصیب ہوگی جن کے آنکھوں کے کارنیا پیلٹ لگنے کی وجہ سے خراب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر کارنیا کی تبدیلی کا آغاز کیا گیا ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ جدید آلات دیگر مشینری کا بھی استعمال کیا جائے گا۔