سرینگر//صدر اسپتال سرینگر میں صفائی کے فقدان کی وجہ سے نہ صرف مریض بلکہ مریضوں کی دیکھ بال کرنے والے تیمار دار بھی مختلف بیماریوں کے شکار ہورہے ہیں۔ صدر اسپتال میں علا ج و معالجے کیلئے آنے والے مریضوں کا کہنا ہے کہ اسپتال کے وارڈوں میں صفائی کے فقدان کی وجہ سے بدبو پیدا ہوئی ہے جسکی وجہ سے مریضوں اور تیمارداروں کیلئے اسپتال میںٹھہرنا مشکل بن گیا ہے ۔ ہسپتال کے وارڈ 14میں زیر علاج ایک مریض نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وارڈ میں داخل ہوتے ہی بدبو کی وجہ سے گلا خراب ہوتا ہے جبکہ کئی افراد چھاتی کے امراض میں بھی مبتلا ہوئے ہیں۔ مذکورہ مریض نے بتایا کہ وارڈ میں ضرورت سے زیادہ مریضوں کو رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے وہاں تیماداروں کیلئے بھی بیٹھنے کی جگہ موجود نہیں ہے۔انہوںنے بتایا کہ وارڈ وں میں موجود بیت الخلاء اور کوڑا کرکٹ کو صاف کرنے کیلئے صفائی اہلکار صرف صبح ہی نظر آتے ہیں جبکہ دن بھر وارڈوں میں قائم بیت الخلائوں کی صفائی نہیں ہوتی ہے۔ اسپتال کے وارڈ نمبر 11، وارڈنمبر 12، وارڈ نمبر 14، وارڈ نمبر 15اور وارڈ 16میں صفائی کے فقدان کی وجہ سے داخل مریضوںاور ان کے ساتھ تیمادار بھی پریشان ہیں۔ہسپتال کے مختلف وارڈوں سے آنے والی بدبو کا اعتراف کرتے ہوئے صدر اسپتال کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر سلیم ٹاک نے کہا ’’ وارڈوں سے پچھلے دو دنوں سے بد بو آرہی ہے لیکن یہ بد بو گندگی اور صفائی نہ کرنے کی وجہ سے نہیں ہے بلکہ ہیٹنگ سسٹم شروع کرنے کی وجہ سے ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال میں 15نومبر سے ہیٹنگ سسٹم شروع کیا گیا ہے اور یہ ہیٹنگ سسٹم ایک سال بعد ہی شروع کیا گیا تو بد بوآنا شروع ہوگیا ہے جو ایک دو دن میں ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال میں صفائی پر کڑی نگاہ رکھی جارہی ہے ۔