نئی دہلی// انڈین پریمئرلیگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افغانستان کے اسٹار بولر راشد خان ہندستان میں خوب چرچے ہونے لگے ہیں اور وہ سوشل میڈیا آئکون بن گئے ہیں ۔اپنی شہرت اور کامیابی پر ناز کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ صدر کے بعد شاید میں ہی افغانستان کی سب سے مقبول ہستی ہوں۔راشد خان ٹی 20 کی عالمی رینکنگ میں پہلے سے ہی پہلے نمبر پر ہیں لیکن آئی پی ایل میں ان کی کارکردگی نے ان کی اہمیت میں مزید اضافہ کیا ہے ۔آئی پی ایل کے فائنل سے قبل افغانستان کے اسٹار بولر راشد خان انڈیا کے سوشل میڈیا پر چھائے رہے ،انہوں نے پلے آف میں کولکتہ کو اپنی بہترین آل راؤنڈ کارکردگی سے تقریباً تنہا شکست دے دی اور اسی لیے ان کی ہر طرف تعریف ہو رہی ہے ۔انڈین پریمئرلیگ کا سیزن 11 اب تک کے سب ہی آئی پی ایل میں سب سے زیادہ دلچسپ رہا۔حیدرآباد کی ٹیم میں چنے جانے والے انیس سالہ افغانی کرکٹر راشد خان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، پورے ٹورنامنٹ میں حیدرآباد کی ٹیم سبھی ٹیموں پر حاوی رہی۔جہاں ایک طرف معروف کرکٹر سچن تندولکر نے انہیں ٹی 20 کا بہترین اسپنر قرار دے دیا تو دوسری جانب بہت سے ہندستانی ٹوئٹرصارفین انہیں ہندوستانی شہریت دیے جانے کا مطالبہ کرنے لگے ۔سچن تندولکر نے لکھاکہ 'مجھے ہمیشہ یہ محسوس ہوا کہ راشد خان اچھے اسپنر ہیں لیکن اب مجھے یہ کہنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں کہ وہ اس فارمیٹ میں دنیا کے بہترین اسپنر ہیں۔ اس کے ساتھ ان کے پاس بیٹنگ کا بھی ہنر ہے ، عظیم شخص۔'اس ٹوئٹ کے بارے میں جب راشد خان کو اپنے دوست سے پتہ چلا تو انہوں نے بہت حیرت کا مظاہرہ کیا۔اس بارے میں انہوں نے کہا کہ تندولکر کے ٹوئٹ کے بارے میں جاننے کے بعد میں ایک دو گھنٹے تک جواب دینے کے قابل نہیں رہا، مجھے سمجھ نہیں آئی کہ میں اس ٹوئٹ کے جواب میں کیا لکھوں۔'راشدخان کا کہنا تھا کہ سچن تندولکر پورے افغانستان میں بہت زیادہ شہرت رکھتے ہیں اور پسند کئے جاتے ہیں،ان کے اس ٹوئٹ کو پورے افغانستان نے پڑھا ، یہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ انہوں نے میری تعریف کی۔'افغان صدر نے بھی راشد خان کے کھیل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے دوست ملک ہندوستان کا افغانستان کے کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں کھیلنے کا موقع دینے کے لئے شکریہ ادا کرتے ہیں۔