ترال// ترال کے متعددعلاقوں میں آج بھی بجلی ایک خواب کے مانند ہے ۔ترال قصبہ سے تقریباًنو کلومیٹر دور وزل کلناڑ ناگہ پتھری ایک ایسا علاقہ ہے جہاں سینکڑوں نفوس پر مشتمل آبادی ہونے کے باوجود بجلی ناپید ہے جس کی وجہ سے آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ قدرتی حسن سے مالا مال وزل کلناڑ علاقے میں بنیادی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے رہائشی آبادی کو طرح طرح کے مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ وہ سبھی مشکلات برداشت کرتے ہیں لیکن علاقے میں بجلی سپلائی اور رابطہ سڑک نہ ہونے کی وجہ سے انہیں تکلیف دہ صورتحال کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں موبائل فون چارج کرنے کیلئے بھی دوسرے گائوں میں جاناپڑتا ہے۔بستی کے کئی بزرگوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنے مسائل کے پیش نظر ہمیشہ تمام خطرات اور خدشات نظر انداز کر کے انتخابات میںووٹ ڈالے ہیں لیکن جیت کے بعد کسی بھی سیاسی پارٹی کے امیدوارنے اس بستی کی طرف نہیں دیکھا ۔انہوںنے کہا کہ تین سال قبل کشمیر عظمیٰ میں علاقے کے حوالے سے ایک خبرشائع ہونے کے بعد محکمہ بجلی اور دیگر کئی محکموں نے علاقے کا دورہ کیا اورآبادی کو فوری طور مشکلات حل کرنے کا یقین دلایا تھالیکن تین سال گزر جانے کے باوجود وہ سبھی مشکلات جوں کے توں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں بستی کا ایک وفد محکمہ بجلی کے چیف انجینئر کشمیر سے بھی ملاقی ہوا جہاں کہا گیا کہ کئی مرتبہ ضلع پلوامہ کے لئے DDGJY اسکیم کے کام کے لئے ٹنڈر نکالے گئے تاہم کوئی بھی ٹھیکہ دارسامنے آیا ہے جس کی وجہ سے پورے ضلع میں11 کروڑروپے مالیت کا کام نہیں ہو پایا۔انہوں نے کہا کہ چند برس قبل وزیراعظم گرام سڑک یوجنا کے تحت سڑک بنانے کا کام شروع کیا گیا تاہم سڑک کو کھنڈرات میں تبدیل کر کے اسی حالت میں چھوڑ دیا گیا جس کی وجہ سے چلنے پھرنے کے مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ۔