محمد تسکین
بانہال// ڈاکٹر عبداللطیف الکندی ،صدر جمعیت اہل حدیث جموں وکشمیر نے تحصیل بانہال کا دورہ کیا اور ایک نشست میں جماعت اور جمعیت کے تعلیمی،اصلاحی اور تعمیری اہداف پر بات کرتے ہوئے اس بات کا برملا اظہار کیا کہ تعلیم، فلاحی ورفاء عامہ کا کام جماعت کی اولین ترجیحات ہیںجن پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر الکندی نے تحصیل جمعیت کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور جمعیت کی بہتری اور فعالیت کے حوالے سے کئی اہم فیصلے لئے ۔ ڈاکٹر الکندی نے تحصیل زعماء ونظماء کو یہ باور کرایا کہ جمعیت اہل حدیث جموں وکشمیر ریاست گیر سطح پر سیسہ پلائی دیوار کی طرح مضبوط ہے اور یہاں ہر گوشہ زمین میں اس جماعت کی تبلیغی،تعلیمی، تدریسی، فلاحی اور طبی مراکز انتہائی انہماک سے سیرت سازی اور فلاح انسانیت کے کام میں مصروف عمل ہیں ۔ اپنے طے شدہ پروگرام کے تحت انہوں نے تحصیل بانہال کا دورہ کیا اور یہاں ایک تفصیلی میٹنگ میں تحصیل جمعیت کے نظماء سے بات چیت کی۔بانہال پہنچتے ہی عمائدین نے انتہائی گرمجوشی کے ساتھ موصوف کا خیر مقدم کیا اور اپنی قلبی مسّرت کا اظہار کیا،موصوف نے تحصیل جمعیت کی تعلیمی،تدریسی،فلاحی اور اصلاحی سرگرمیوں کا تفصیلی جا ئز ہ لیا اور ممبران سے سیر حاصل گفتگو بھی کی اور موقعے پر ہی کئی تاریخی فیصلے صادر کئے ۔