سرینگر// صدر اسپتال سرینگر کا شعبہ ایمرجنسی و حادثات کا ماحول ایجی ٹیشن2016کی طرح ایک مرتبہ پھر آہوں اور سسکیو ں سے رنجیدہ ہوا جب چاڑورہ میںفورسز کی فائرنگ اور پیلٹ گن کے استعمال سے زخمی ہونے والے 16نوجوانوں کو سرینگر کے صدر اسپتال منتقل کیا گیا ۔ان زخمیوں میں تین زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے جبکہ 2کی حالت آخری اطلاعات ملنے تک نازک بنی ہوئی تھی ۔اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والوں میں زاہد احمد گنائی ولد عبدالرشید گنائی ساکنہ چاڈورہ، قیصر احمد گنائی ولد فیاض احمد گنائی واتھورہ چاڑورہ، عادل احمد بٹ ولد بشیر احمد بٹ ، سابق بلال ولد بلال احمد راتھر ساکنہ کرالہ پورہ،اشفاق احمد ساکنہ عبدالرشید ساکنہ رنگریٹ گولی لگنے کی وجہ سے شدید زخمی ہوئے ہیں جبکہ بلال احمد بٹ ولد علی محمد بٹ،عرفان احمد ساکنہ پلوامہ ،عرفان احمد ولدغلام محمد بٹ ساکنہ چاڑورہ، عامر احمد ولد غلام احمد وانی، عابد احمد ساکنہ چاڑورہ، ساحل احمد ولدنذیر احمد ساکنہ چاڈروہ ظہور احمد ساکنہ ولد نذیر احمد ساکنہ گوپال پورہ پیلٹ لگنے کی وجہ سے زخمی ہوگئے ۔ اسپتال ذرائع نے بتایا کہزاہد احمد گنائی ولدعبدالرشید گنائی کی موت صدر اسپتال سرینگر میں واقع ہوئی جبکہ قیصر احمد گنائی ولد فیاض احمد گنائی ساکنہ واتھورہ سرینگر منتقلی کے دوران راستے میں ہی دم توڑ بیٹھا ۔ صدر اسپتال میں مرنے والے تیسرے نوجوان اشفاق احمدلون و عبدالرشید لون ساکنہ رنگریٹ سینے پر گولی لگنے کی وجہ سے سرینگر کے صدر اسپتال میں شام 4بجے دم تو ڑ بیٹھا ۔ اسپتال میں اشفاق احمد کے موت کی خبر پھیلتی ہی چاروں طرح آزادی اور اسلام کے حق میں نعرہ بازی شروع ہوئی اور علاج و معالجے کیلئے آئی خواتین زار وقطاررونے لگی۔ آزادی اوراسلام کے حق میں نعروں کے بیچ اشفاق کی نعش کو مظاہرے کی صورت میں نواب بازار لے گئے جہاں اسکی کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کی گئی تاہم اشفاق لون کی نماز جنازہ کے دوران ہی پولیس نے جنازے میں شامل لوگوں پر لاٹھی چار ج کیا اور آنسوں گیس کے گولے داغے جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے جن میں فیضان احمد ولد نذیر احمد بائیں آنکھ میں پیلٹ لگنے کی وجہ سے زخمی ہوگیا جسے علاج و معالجے کیلئے سرینگر کے صدر اسپتال منتقل کیا گیا ۔زخمی ہونے والے نوجوانوں میں سے ظہور احمد ولد نذیر احمد ساکنہ گوپال پورہ، بلال احمد بٹ ولد علی محمد بٹ ساکنہ چاڑورہ پیلٹ لگنے کی وجہ سے زخمی ہوگئے ۔ ظہور احمد ولد نذیر احمدکے پورے جسم پر پیلٹ لگے جبکہ بلال احمد کی دائیں آنکھ ، بازوں اور ٹانگ پیلٹ لگنے کی وجہ سے زخمی ہوئی ہیں۔صدر اسپتال کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر نذیر احمد چودھری نے کہا’’ منگلوار کو 16زخمیوں کا اندراج اسپتال میں کیا گیا جن میں 3کی موت واقعہ ہوئی ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ2 کی حالت نازک بنی ہوئی ہے ۔