سرینگر //گورنمنٹ میڈیکل کالج انتظامیہ کی جانب سے خاکروبوںکی فہرست میں پچھلے15سال سے عارضی بنیادوں پر کام کرنے والے خاکروبوں کو نظر انداز کرنے اور منسٹریل سٹاف کے تبادلوں کے دوران منظور نظر ملازمین کو رعایت دینے ، اسپتالوں میں ادویات کی قلت اور دیگر سہولیات کے فقدان کے خلاف سنیچر کو سرینگر کے صدر اسپتال میں میڈیکل ایمپلائز فیڈریشن نے احتجاجی مظاہر کیا ۔ احتجاجی مظاہرے میں شامل ملازمین کا کہنا تھا کہ پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج نے تمام قوائد و ضوابط کو بلائے طاق رکھ کر خاکروبوں کی سیلیکشن لسٹ میں سیاسی اثر ورسوخ رکھنے والے افراد کو شامل کیا ہے۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ اخبارات کیلئے جاری کی گئی فہرست میںایسے 6افراد کو شامل کیا گیا ہے جو خاکروب طبقے سے تعلق نہیں رکھتے جبکہ اسپتال میں پچھلے15سال سے عارضی بنیادوں پر کام کرنے والے خاکروبوں کو نظر انداز کیا گیا ہے۔اسپتال میں کام کرنے والے ایک ملازم نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج سے منسلک8اسپتالوں میں خاکروبوں کی تعیناتی کیلئے 1580اُمیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تاہم کالج انتظامیہ نے صرف 107خاکروبوں کی فہرست جاری کی ہے جن میں 6افراد ایسے بھی شامل ہے جو خاکروبوں کے طبقے سے تعلق نہیں رکھتے ہیں۔ مذکورہ ملازم نے بتایا کہ خاکروبوں کی اسامیوں کو مشتہر کرتے ہوئے کالج انتظامیہ نے اُمیدوار کے پاس صفائی کرنے کا 5سالہ تجربہ اور خاکروب طبقے سے تعلق رکھنا لازمی قرار دیا تھا ۔ مذکورہ ملازم نے بتایا کہ اسپتال میں پچھلے 15سال سے کئی خاکروب عارضی بنیادوں پر کام کررہے ہیں جبکہ کالج انتظامیہ نے وعدہ کیا تھا کہ عارضی بنیادیوں پر کام کرنے والے خاکروبوں کو سلیکشن فہرست میں ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پرنسپل میڈیکل کالج سرینگر نے سیاسی اثر ورسوخ رکھنے والے افراد کیلئے تمام قوائد و ضوابط کی دھجیاں اڑائی ہیں اور سیلیکشن لسٹ میں ایسے افراد کے نام شام کئے گئے ہیں جو خاکروب طبقے سے تعلق نہیں رکھتے ہیں۔ اس موقعے پر میڈیکل ایمپلائز فیڈریشن کے صدر شبیر احمد لنگو نے کہا ’’ موجودہ فہرست میں وادی کے 8بڑے اسپتالوں میں کام کرنے والے 37خاکروبوں کو موجودہ فہرست میں شامل کیا ہے جبکہ پرنسپل میڈیکل کالج نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ 15دنوں کے اندر مختلف اسپتالوں میں عارضی بنیادوں پر کام کرنے والے خاکروبوں کو بھی سیلیکشن لسٹ میں شامل کیا جائے گا۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ پرنسپل میڈیکل کالج سرینگر نے ہمیں 15دنوں کی مہلت مانگی ہے اور اسلئے ہم نے 15دنوں تک ہڑتال موخر کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرنسپل میڈیکل کالج سرینگر کے واعدے کے مطابق اگر15دنوں کے اندر مزید خاکروبوں کو سیلیکشن لسٹ میں شامل نہیں کیا گیا اور منسٹریل سٹاف کو درپیش مسائل کو حل نہیں کیا گیا تو وہ گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر اور اس سے منسلک اسپتالوں میں کام کرنے والے خاکروب اور منسٹریل سٹاف ہڑتال پر چلا جائے گا جس کی تمام تر ذمہ دارپرنسپل مڈیکل کالج پر عائد ہوگی۔