شوپیان//بڈی گام شوپیان میں اتوار کو جھڑپ کے دوران جاں بحق صدام پڈر اور بلال مولوی کو سوموارکے روز ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں سپرد لحد کیا گیا۔ انکی نماز جنازہ18مرتبہ اداد کی گئی۔ ایک اور کمانڈر عادل ملک کی 7بار نماز جنازہ پڑھائی گئی۔تجہیز وتکفین کے دوران ایک درجن کے قریب عسکر یت پسندوں بشمول کئی کمانڈروں نے باری باری حا ضر ی دیکر انہیں سلامی دی ۔ شوپیان ، پلوامہ، کولگام اور جنوبی کشمیر کے دیگر علاقوں سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد ہف شرمال پہنچ گئی تھی اور وہ رات بھر دونوں جنگجوئوں کے گھروں میں ان کے افراد خانہ کے ساتھ رہے۔ سوموار کی صبح فورسز نے شوپیان بالخصوص میمندر کی طرف جانے والے تمام راستوں کو سیل کیا تھا جہاں کسی کو بھی چلنے کی اجازت نہیں دی جارہی تھی۔ تاہم رکاوٹوں کے باوجود ہف شرمال میں لوگوں کا سمندر تھا۔ لوگوں نے اتور کی شام ہی ان کے حق میں نماز جنازوں کا سلسلہ شروع کیا۔ سوموار کی صبح ایک مرتبہ پھر نماز جنازوں کا سلسلہ شروع کیا گیا،جہاں وقفے وقفے سے لوگوں کی باری تعداد کو دیکھ کر جنازوں کی ادئیگی کا سلسلہ شروع ہوا اور مجموعی طور 18 مرتبہ ان کے جنا زہ اداکئے گئے ۔جلوس جنازے کے مناظر میں پچوں بزرگوں اور خوانین کی ایک بڑی تعداد کو بھی سینہ کوبی کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ساڑھے دس بجے کے قریب رقعت آمیز مناظر کے بیچ دو نوں کو ایک ہی جگہ پر سپرد خا ک کیا گیا۔ اس دوران لوگ اس وقت جذباتی ہو گئے حزب کے دو اعلیٰ کمانڈروں ریاض نائیکو اورسیف اللہ نے جلوس جنازہ میں شر کت کی۔اس سے قبل بھی کئی جنگجو وہاں نمودار ہو ئے تھے۔ ادھر ملک گنڈ میں عادل ملک نامی تیسرے کمانڈر کے جلوس جنازہ میں بھی ہزاروں لوگ شریک ہوئے اور انکی 7مرتبہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔