بھنڈ//سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو نے صدارتی انتخابات کے لئے کانگریس کی قیادت میں ہونے والی اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ سے پہلے کہا ہے کہ اعداد کی طاقت والی پارٹی کا امیدوار ہی صدر منتخب کیا جائے گا اور وہ اس معاملے میں ابھی کافی دور ہیں۔ ایک شادی کی تقریب میں شرکت کرنے کے لئے مدھیہ پردیش کے بھنڈ تشریف لانے والے مسٹر یادو نے کل دیر شام یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے صدارتی انتخابات میں قومی جمہوری محاذ(این ڈی اے) کی طرف سے بہار کے گورنر رام ناتھ کووند کو امیدوار بنائے جانے سے متعلق سوال پر کہا کہ یہ الیکشن اعداد کی طابق پر منحصر ہوتا ہے، جس کے ساتھ اعداد کی طاقت ہوگی ، اس کا امیدوار ہی صدر منتخب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے میں ابھی دور ہیں۔اترپردیش میں اپنی پارٹی کی پوزیشن انتہائی خراب ہونے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ جس پارٹی کو انہوں نے اپنے خون پسینے سے کھڑا کیا تھا، آج اس کی قومی پارٹی کی حیثیت چھن جانے سے وہ بہت غمگین ہیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ وہ عوام سے دور ہو گئے ہیں اور اس کا نتیجہ ان کو بھگتنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب نئے سرے سے پارٹی کو آگے لے جائیں گے اور دوبارہ اس کو قومی پارٹی کا درجہ دلائیں گے۔ اترپردیش کے سابق وزیر اعلی مسٹر یادو نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں ان کی پارٹی کی حالت اچھی نہیں ہے، لہذا یہاں بھی تبدیلی کی ضرورت ہے۔