نئی دلّی //مرکزی وزرات صحت و فیملی ویلفیئر نے پی ایم ڈی پی کے تحت ریاست کے طبی بنیادی ڈھانچے کو استحکام بخشنے کے لئے 900کروڑ روپے کی فراہمی کو منظور ی دی ہے ۔صحت و طبی تعلیم کے پرنسپل سیکرٹری اَٹل ڈولو نے اِن رقومات کی واگذاری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ایم ڈی پی کے ریاست کے 145 جاری اور نئے طبی پروجیکٹوں کو اَپ گریڈ کرنے کیلئے نشاندہی کی گئی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ اِن پروجیکٹوں کیلئے ڈی پی آر پیش کرنے کے بعد حکومت ہند نے ریاست کے طبی اِداروں پر جاری کام کو مکمل کرنے کے لئے مذکورہ رقومات فراہم کی ہیں۔اٹل ڈولو نے کہا کہ اِن پروجیکٹوں میں ضلع ہسپتال ، سب ضلع ہسپتال اور پرائمری طبی مراکز کے بنیادی ڈھانچوں کو استحکام بخشناشامل ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ پی ایم ڈی پی کے تحت مرکزی حکومت نے سال 2016-17کے دوران پہلی قسط کے طور پر 275کروڑ روپے واگذار کئے اور باقی رقومات 2017-18ء اور 2018-19 ء کے دوران واگذار کئے گئے ۔اٹل ڈولو نے کہا کہ آخری قسط کے طور پر جو 110.74کروڑ روپے واگذار کئے گئے ،صحت و طبی تعلیم محکمے کو پی ایم ڈی پی کے تحت 900 کروڑ روپے کی فراہمی مکمل ہوگئی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ آخری قسط کی رقم سے ایس ایم جی ایس ہسپتال جموں کے 250بستروں والے میٹرنیٹی بلاک ، جی ایم سی جموں کے 100بسترو ں والے نئے ایمرجنسی بلاک ، بجبہاڑہ کے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال اور روہامہ رفیع آباد کے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کے پروجیکٹوں کا کام ہاتھ میں لیا جائے گا۔