سرینگر //صحت و طبی تعلیم کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے کہا ہے کہ ہمیں ریاست کو کُھلے میں رفع حاجت کے عمل سے پاک کرنے کے لئے کوششیں کرنی چاہئے تا کہ عوام صحت مند زندگی گذار سکیں۔وزیر موصوفہ نے ان خیالات کا اظہار کل ایس کے آئی سی سی میں ایک روزہ ورکشاپ کے افتتاح کے موقعہ پر کیا۔ آسیہ نقاش نے کہا کہ سرکار نے سالڈ ویسٹ منیجمنٹ ، شہری ٹرانسپورٹ نظام اور بہتر ڈرنیج نظام سمیت دیگر اہم سکیمیں شروع کی ہیں جن کی عمل آوری کے لئے وقت مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوچھ بھارت مشن کا ایک اہم جُز کُھلے میں رفع حاجت کی عادت سے چھٹکارا پانا ہے اور سکیم کے تحت ابفرادی بیت الخلاء تعمیر کئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اہداف شُدہ94091 میں سے78235 بیت الخلاء تعمیر کئے گئے ہیں اور مزید33987 درخواستوں کو منظور کیا گیا ہے۔وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ سرکار ڈرنیج نظام اور بنیادی شہری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے اور صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔