عشرت حسین بٹ
پونچھ // ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں، ڈاکٹر عبدالحمید زرگر نے ہفتہ کے روز ضلع پونچھ کا دورہ کرتے ہوئے صحت کی سہولیات اور محکمہ صحت کے مختلف ترقیاتی و فلیگ شپ منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ضلع کے اعلیٰ صحت افسران کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں قومی صحت مشن (NHM)، قومی تپ دق خاتمہ پروگرام راشٹریہ بال سوستھیا کاریاکرم (RBSK)، اور دیگر اسکیموں کے تحت پیش رفت کا احاطہ کیا گیا۔اجلاس میں چیف میڈیکل آفیسر پونچھ ڈاکٹر پرویز احمد خان، ڈی ٹی او، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ضلع ہسپتال پونچھ، اور منڈی، مینڈھر و سرنکوٹ کے بلاک میڈیکل آفیسرز سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔ ڈاکٹر زرگر نے افسران کو ہدایت دی کہ تمام طبی مراکز میں ضروری ادویات کی بلاتعطل دستیابی یقینی بنائی جائے اور اس حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ پیش کی جائے۔ راشٹریہ بال سوستھیا کاریاکرم کے نفاذ پر زور دیتے ہوئے انہوں نے ہدایت دی کہ ضلع کے تمام اسکولوں اور آنگن واڑی مراکز کو صحت کی جانچ کے دائرے میں لایا جائے تاکہ بچوں میں خون کی کمی اور دیگر بیماریوں کی بروقت تشخیص ممکن ہو سکے۔ڈائریکٹر ہیلتھ نے پی ایم اے بی ایچ آئی ایم کے تحت بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر بھی تفصیلی بات کی اور ہدایت دی کہ معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر جاری تعمیراتی کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے سی ایم او کے ہمراہ 24.25 کروڑ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر کریٹیکل کیئر بلاک کا دورہ کیا اور تعمیراتی رفتار و معیار کا معائنہ کیا۔مزید برآں، ٹیم نے 1.2 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والی ضلع انٹیگریٹڈ پبلک ہیلتھ لیب (DIPHL) کا بھی معائنہ کیا، جس کا مقصد تشخیص و بیماریوں کی نگرانی کو مضبوط بنانا ہے۔ڈاکٹر زرگر نے ای-سنجیوانی، ٹیلی،ماناس، ٹیلی،آئی سی یو اور مفت ایمبولینس جیسی سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور ان کی رسائی پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے افسران کو عوامی آگاہی بڑھانے کی ہدایت دی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان خدمات سے مستفید ہو سکیں۔انہوں نے ٹی بی خاتمے کے قومی ہدف کے تناظر میں زمینی سطح پر اقدامات میں مزید تیزی لانے پر زور دیا اور ضلعی افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ محکمہ کو صحت کی معیاری، جوابدہ اور عوامی رسائی والی خدمات فراہم کرنے میں مسلسل پیش رفت کرنی چاہیے۔