عظمیٰ نیوز ڈیسک
حیدرآباد//ایک صحافی پر ڈھیر ساری ذمہ داریاں ہوتی ہیں جن کو نبھانا آسان نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر اشیاق احمد، رجسٹرار ، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے کیا۔ وہ جمعہ کو شعبۂ ترسیل عامہ و صحافت، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں موبائل اور ڈاٹا جرنلزم کے دو روزہ ورکشاپ کے اختتامی اجلاس کو مخاطب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج میڈیا میں غیر اہم موضوعات حاوی ہوتے جارہے ہیں ، یہ ایک ناخوشگوار پہلو ہے۔پروفیسر اشیاق احمدنے تمام مہمانانِ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بہت خوشی کی بات ہے کہ پروگرام میں میڈیا کے طلبا کیلئے ملک کے مختلف جگہوں سے ماہرین کو مدعو کیا گیا اور موبائل اور ڈاٹا جرنلزم پر جانکاری فراہم کی گئی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شعبہ کے طلبا اچھی تعلیم حاصل کرکے اس فیلڈ میں بہترین کام کریں گے۔ جنید بہلمی ، ممتاز ماہر تعلیم نے کہا کہ ایک صحافی بننے کے لیے بہترین اسکل کی بہت ضرورت ہوتی ہے۔ پروفیسر سیدہ افشانہ ، میڈیا ایجوکیشن ریسرچ سنٹر یونیورسٹی کشمیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ میڈیا انڈسٹری میں شناخت کو یقینی بنانے کیلئے مواد کی اہمیت پر زور دیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافی بریکنگ نیوز کی چکر میں نہ پڑیں بلکہ خبروں کی اہمیت پر زور دیں۔صدر شعبہ ترسیل عامہ وصحافت ،پروفیسر محمد فریاد نے خیر مقدمی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ بہت خوشی کی بات ہے پروگرام میں 11 ریاستوں سے مہمان تشریف لائے تھے اور طلبا سے خطاب کیا۔