یو این آئی
سرینگر//جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے عالمی یوم آزادی صحافت کے موقع پر صحافیوں کی ہمت و عزم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک آزاد پریس متحرک جمہوریت کی سنگ بنیاد ہے ۔انہوں نے کہا’’ہمیں اس کی حفاظت صرف الفاظ سے نہیں بلکہ عمل سے کرنی چاہیے‘‘۔واضح رہے کہ 3مئی کو دنیا میں عالمی یوم آزادی صحافت کے نام سے منایا جاتا ہے ۔ اس دن دنیا میں میڈیا کی عوام کے تئیں خدمات کو یاد کیا جاتا ہے ۔عمر عبداللہ نے اس دن کی مناسبت سے ’ایکس‘پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا’’عالمی یوم آزادی صحافت کے موقع پر ہم طاقت کے سامنے سچ بولنے والے صحافیوں کی ہمت اور عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا’’ایک آزاد پریس متحرک جمہوریت کی سنگ بنیاد ہے‘‘۔ان کا پوسٹ میں مزید کہنا تھا’’ہمیں اس کی حفاظت صرف الفاظ میں نہیں بلکہ عمل میں کرنی چاہیے ‘‘۔اس دوران نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ یہ ہمارے لئے بہت بڑی مسرت کی بات ہے کہ ہمارے بہت سارے نوجوان لکھنے کا شوق رکھتے ہیں اور اللہ نے انہیں اس دولت سے نوازا ہے جو قوم کیلئے ایک فخر کی بات ہے مگر اُن پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ قوم کی بھلائی اور تاریخی واقعات کو بہتر اور صحیح ڈھنگ میں ہی پیش کریں‘‘ ۔انہوں نے مزید کہا کہ صحافت ایک باعزت پیشہ ہی نہیں بلکہ خدمت خلق کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔ ڈاکٹر فاروق نے صحافت کو عوام کی شہ رگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگوں کے جائز مطالبات حکام تک پہنچانے کیلئے ٹھوس بنیاد فراہم کرتا ہے۔