جموں//شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی کی جانب سے یہاں دوروزہ ورکشاپ بعنوان ’’صحافت اورتخلیقی تحریر‘‘ کااہتمام کیاگیا ۔اس د وران ورکشاپ میں مختلف شعبوں کے قریب پچاس ریسرچ اسکالروں نے حصہ لیااورصحافت کے متعدد معاملوں اورتخلیقی تحریر کے بارے میں اپنی مہارت کااظہار کیا۔ ماہرین نے اس ورکشا پ کے دوران صحافت اورتخلیقی تحریروں، فنِ صحافت ، موجودہ وقت میں بھارت میں صحافت کی صورت حال اوراُبھرتے صحافیوں کے لئے امکانات کے بارے میں سیرحاصل بحث کی۔ مقررین نے خیالات کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ ایک صحافی کوایماندارہونے کے ساتھ ساتھ اعلیٰ اخلاق کامالک ہونابھی لازمی ہے تاکہ وہ رپورٹنگ بہترطورپرکرسکے۔ اس موقعہ پر شرکاء نے کہاکہ متعدد اُردواخبارات میں نوجوان صحافیوں کیلئے نہ صرف جموں وکشمیربلکہ پورے ہندوستان میں قابلیت کے جواہر دکھانے کے اچھے خاصے مواقعے دستیاب ہیں کیونکہ ملک بھرمیں کافی تعداد میں اُردواخبارات شائع ہونے کے ساتھ متعدداُردو چینلزبھی کام کررہے ہیں جنہیں صحافیوں اورنامہ نگاروں کی ضرورت ہوتی ہے ۔اوران چینلوں اوراخبارات کے مالکان اچھی خاصی اُجرت بھی اداکرتے ہیں۔مقررین نے مزید کہاکہ تخلیقی تحریروں کے تواوربھی زیادہ مواقعے دستیاب ہیں اورطلباء جس بھی زبان پرعبوررکھتے ہوں اس میں وہ تحریر کرسکتے ہیں اوروہ ریڈیوکے لئے بھی ڈرامے، شارٹ سٹوریز وغیرہ تحریرکرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ٹی وی ڈرامے حتیٰ کہ فلموں کے لئے کہانی بھی لکھ سکتے ہیں۔اوراس طرح اچھی خاصی اُجرت بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ اس دوروزہ ورکشاپ کے دوران جن ماہرین نے لیکچردیئے ان میں ڈاکٹرعلی جاوید ، ڈاکٹرشاہدپرویز ، ڈاکٹر فرحت رضوی، پروفیسرانیس اشرف ، پروفیسرخواجہ اکرم الدین اوردیگر ان شامل ہیں۔اس سے قبل استقبالیہ خطاب میں صدرشعبہ اُردوپروفیسر شہاب عنایت ملک نے اس دوروزہ ورکشاپ کے انعقاد کے اغراض ومقاصد بیان کئے اورکہاکہ اُردوزبان کے طلباء بہت خوش قسمت ہیں ۔اگران میں صلاحیت ہوگی تووہ پرائیویٹ سیکٹر میں باعزت روزی حاصل کرسکتے ہیں۔ اس سلسلے میں پروفیسر شہاب عنایت ملک نے صحافیوں اورتخلیقی مصنفوں کی کئی مثالیں پیش کیں جوکہ اپنے فن کے ذریعہ باعزت روزگار حاصل کررہے ہیں۔ پروفیسر شہاب عنایت ملک شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی میں وقتاً فوقتاً مختلف قسم کی ادبی سرگرمیوں کاانعقاد کرنے کے لئے وائس چانسلرجموں یونیورسٹی پروفیسرآرڈی شرما نے ان کی کوششوں کوسراہا۔افتتاحی تقریب کی صدارت کے فرائض ریاست کے نامور تاریخ دان اسیرکشتواڑ نے انجام دیئے۔انہوں نے اپنے صدارتی خطبہ میں اس ورکشاپ کے انعقاد کیلئے یونیورسٹی کے شعبہ اُردوکومبارکبادپیش کی اورامیدظاہر کی کہ آرٹ فیکلٹی کے طلباء اس ورکشاپ سے بھرپوراستفادہ حاصل کریں گے۔شکریہ کی تحریک ڈاکٹر چمن لال اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اُردونے پیش کی۔پروفیسر سکھ چین سنگھ، ڈاکٹرعبدالرشیدمنہاس اورڈاکٹر فرحت شمیم اور دیگران بھی اس موقعہ پر موجودتھے۔