سرینگر//وزیر اطلاعات چودھری ذوالفقار علی نے نوجوان صحافی عمر منظور شاہ کو یورپ کا چوٹی کا صحافتی ایوارڈ ’’ لورنزو نٹالی میڈیا پرائز 2017‘‘ حاصل کرنے پر مبارک باد دی ہے ۔یہ ایوارڈ عمر منظور کو یورپین کمیشن کی جانب سے 7؍جون کو برسلز میں دیا گیا ۔ذوالفقاعلی نے صحافی ریان نقاش اور عامر رفیق پیرزادہ کو بھی بھارتی صحافت 2017میں نمایاں کارکردگی کے لئے ریڈ اِنک اعزاز حاصل کرنے پر مبار ک باد دی ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ تینوں صحافی ریاست جموں وکشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان صحافیوں کو مبارک باد دیتے ہوئے ذوالفقار علی نے کہاہے کہ میڈیا ایک اہم ذریعہ ہے اور امن ، ترقی اور جمہوریت کی بحالی میں میڈیا ایک بنیادی رول ادا کرتا ہے۔انہوںنے کہا کہ ریاست کے نوجوانوں کی مستقبل سازی میں صحافی ایک اہم رول اداکرتے ہیں ۔انہوںنے مزید کہا کہ اگر پرنٹ او رالیکٹرانک میڈیا فرض شناسی کے ساتھ اپنا کام کریں تو مختلف معاملات کے تعلق سے لوگوں میں بیداری پیدا کی جاسکتی ہے۔ذوالفقار علی نے کہا کہ یہ بات انتہائی اطمینان بخش ہے کہ یہاں کے نوجوان ملک میں اور ملک سے باہر ریاست کانام روشن کر رہے ہیں ۔دریں اثنا ناظم اطلاعات منیر الاسلام نے بھی ان صحافیوں کو ایوارڈ حاصل کرنے پر مبارک باد دی ہے۔