اِشا ایلیا
ماہرین صحت نے دعویٰ کیا ہے کہ صبح کے بجائے رات کو نہانا مفید ہوتا ہے اس لیے ہمیشہ رات کو نہانا چاہیے۔ ڈاکٹروں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ دن میں کسی وقت نہانے سے کیل مہاسے پھوٹنے کے ساتھ جلد میں جلن اور بعض اوقات رات کی نیند بھی خراب ہوتی ہے۔شام کے بجائے صبح نہانا اس لیے بھی غلط ہے کیونکہ اس کے نتیجے میں دن بھر آپکے جسم میں لگ جانے والے بیکٹیریا آپ کے بستر کی چادروں کو متاثر کرتے ہیں۔گلیمر برطانیہ میں واقع پریسکرپشن ڈاکٹر کے میڈیکل ایڈوائز ڈاکٹر آرگونا گوئسپی کا اس حوالے سے کہنا ہے، گو کہ صبح نہانے سے انسان کے حواس بحال ہوجاتے ہیں لیکن شام کو نہانے کے مخصوص فوائد ہیں۔ انھوں نے کہا دن میں آپکا جسم اور بال ہوا میں شامل الرجیز، جلن اور دیگر گندگی جمع کرلیتے ہیں، بالخصوص گرمیوں میں پیسنے سے ایسا بہت ہوتا ہے۔لہٰذا اگر آپ نہائے بغیر بستر پر جاتے ہیں تو یہ پھر آپ کے بستر اور چادروں میں بیکٹریاز، الرجیز اور دیگر چیزیں بھی منتقل ہو جاتی ہیں اور یہ نہ صرف بستر کو گندا کرتے ہیں بلکہ رات کو الرجی جیسے مسائل پیدا کرسکتے ہیں۔ لہٰذا شام یا رات کو نہانا کافی بہتر ہے۔
واضح رہے کہ صرف ڈاکٹر آرگونا گوئسپی ہی نہیں بلکہ ورجینیا کے ڈاکٹر جیسن سنگھ بھی ان سے متفق ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ اس سے پرسکون نیند کے ساتھ جسم سے تمام آلودگی اور جلد کے مسائل بھی حل ہوتے ہیں۔
گرمیوں میں بھی گرم پانی سے نہانا کیوں مفید؟
سردیوں میں گرم پانی سے نہانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہوتا لیکن یہ بات کم ہی لوگ جانتے ہیں کہ گرمیوں میں بھی گرم پانی سے نہانا صحت کے لیے بہت اچھا ہے۔
گرم پانی سے نہانے سے پٹھوں کا درد ختم ہوتا ہے اور اُنہیں سکون ملتا ہے، اس کے علاوہ موسم گرما میں جب آپ ایئر کنڈیشنر میں سوتے ہیں، تو آپ کو چھینکیں اور کھانسی آ سکتی ہے کیونکہ جسم کے درجہ حرارت میں اچانک کمی اور اضافہ ہو سکتا ہے لیکن اگر آپ گرم پانی سے نہائیں گے تو ان مسائل سے بھی چھٹکارا مل سکے گا۔اس کے علاوہ ہر موسم میں گرم پانی کا شاور لینے کے اور بھی بہت سے فوائد ہیں۔
پٹھوں میں راحت: گرم پانی کا شاور آپ کو پٹھوں کے تناؤ کو کم کرنے اور جسم کو جوان کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ دن بھر، آپ کا جسم مختلف جسمانی حرکات کرتا ہے جس سے پٹھے سکڑ جاتے ہیں۔ گرم پانی سے نہانے سے آپ کے پٹھوں اور جوڑوں کو سکون ملتا ہے۔ لہٰذا، دن کے اختتام پر اور سفر سے واپسی کے بعد بھی گرم شاور کی انتہائی سفارش کی جاتی ہے۔
تناؤ کو دور کرتا ہے: تناؤ کام کی وجہ سے ہو یا ذاتی زندگی، آج کے جدید طرزِ زندگی میں یہ بہت عام ہے۔ اس طرح ہر کسی کو اپنے دماغ کو پُرسکون کرنے کا راستہ تلاش کرنے کی ضرورت ہے، آپ کے دماغ کو تر و تازہ کرنے کا سب سے آسان طریقہ گرم پانی کا شاور ہے۔ گرم شاور ماہواری کے شدید درد کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے جو خواتین کو ہر ماہ ہوتا ہے، گرمی رگوں میں سوزش کو کم کرنے میں مدد کرتی ہے۔
ہر کوئی قدرتی طور پر چمکدار اور صحت مند جِلد کی خواہش رکھتا ہے۔ کچھ لوگ اسے حاصل کرنے کے لیے بیوٹی پروڈکٹس اور کاسمیٹکس کا سہارا بھی لیتے ہیں لیکن، وہ بہت کم جانتے ہیں کہ اس کا راز ان کے روزمرہ کے گرم پانی کے شاور میں مضمر ہے۔
گرم پانی کا شاور آپ کی جِلد کو ہائیڈریٹ کرتا ہے اور جِلد کو زیادہ دیر تک نمی بخشتا ہے، آپ کی جِلد کے خلیوں میں آکسیجن کے بہاؤ کو بھی متحرک کرتا ہے، جس کے نتیجے میںجِلد نرم اور ملائم ہوتی ہے۔چنانچہ ہمارے یہاں درد شقیقہ موسمی ہوتے ہیں، تاہم بیشتر انسانوں کے دردِ شقیقہ بہت تکلیف دہ ہوتے ہیں۔ گرم شاور، دائمی سر درد اور درد ِشقیقہ کو کم کرنے میں مدد کر سکتا ہے ،جس سے مریض کو فوری آرام ملتا ہے۔
(نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کیلئے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔)