عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے وزیرجل شکتی جاوید احمد رانا کے ہمراہ سول سیکرٹریٹ سر ینگر سے پانی کے 10 ٹینکروں کے بیڑے کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔یہ خصوصی اقدام بالخصوص محرم الحرام کے دوران پانی کی مناسب فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے کیا گیا ہے۔یہ اقدام وادی کشمیر بھر میں پانی کی فراہمی کی خدمات کو بڑھانے کے لئے کیا گیا ہے بالخصوص اُن علاقوں میں جہاں گرمی کی مانگ یا جاری بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی وجہ سے پائپ سے پانی کی ترسیل میں عارضی رُکاوٹوں کا سامنا ہے۔ تقریب میں متعدد ممبرانِ اسمبلی، جل شکتی محکمہ کے سینئر اَفسران، پبلک ہیلتھ اِنجینئرنگ (پی ایچ اِی) ونِگ کے نمائندے اور دیگر اَفراد موجود تھے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ حکومت ہر گھر کو محفوظ اور صاف پینے کے پانی کی بلا تعطل رَسائی کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔وزیربرائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے اَپنے خطاب میں کہا کہ یہ ٹینکر اُن علاقوں میں حکمت عملی کے تحت تعینات کئے جائیں گے جہاں پانی کی شدید قلت ہے اور یہ مقامی اِنتظامی اِکائیوںکے ساتھ مل کر بروقت پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔اس موقعہ پروزیراعلیٰ نے منتخب نمائندوں کی موجودگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اِس طرح کی اِجتماعی شرکت حکومت کے شمولیتی اور جوابدہ حکمرانی کے طرز کو ظاہر کرتی ہے۔