جموں//خوراک ، شہری رسدات، امور صارفین اور اطلاعات کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے صارفین کے حقوق کے بارے میں جانکاری میں اضافہ کرنے اور عوامی شکایات کا ازالہ کرنے کے نظام قائم کرنے پر زور دیا۔وزیر طالب علموں ، حقوق صارفین کے ارکان ، سول سوسائٹی ممبران، کاروباری افراد اور سرکاری افسروں سے خطاب کر رہے تھے ۔ تقریب محکمہ خوراک نے سٹیٹ کنزیومر رائیٹس ڈے کے سلسلے میں گورنمنٹ زنانہ کالج گاندھی نگر جموں میں منعقد کی تھی۔اس موقعہ پر کنٹرولر ایل ایم ڈی وپرا بہل ، ڈائریکٹر ایف سی ایس اینڈ سی اے آر اے انقلابی ، جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن منیشا سرین ، پرنسپل جی سی ڈبلیو کوشل سموترہ ، چیمبر آف کامرس کے نمائندے ، ٹریڈ فیڈریشن اور این جی اوز بھی موجود تھے۔اس سے قبل وزیر نے عید الاضحی کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں ڈویژنل کمشنر ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری ، آئی جی پی ڈاکٹر ایس پی وید ، ڈی سی جموں کمار راجیو رنجن ، ڈائریکٹر ایف سی ایس اینڈ سی اے آر اے انقلابی و دیگر افسران موجود تھے۔قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے وزیر نے ضلع انتظامیہ سے کہا کہ وہ ایل ایم ڈی ، ریونیو ، پولیس ، ڈرگ کنٹرول اور فوڈ سیفٹی محکموں کے افسروں کی طرف سے انسپکشن سکارڈ تشکیل دیںجو بازاروں میں نرخوں کو باضابطہ طور اعتدال پر رکھنے میں مدد کریں۔ انہوںنے ضلع انتظامیہ سے کہا کہ وہ قربانی کے جانوروں کو نشاندہی کئے گئے منڈیوں پر ہی فروخت کریں اور اس موقعہ پر محکمہ خوراک کے افسران اور ڈاکٹروں کی ٹیم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ یہ جانور صحت مند اور بیماریوں سے محفوظ ہوں۔
صارفین کے حقوق،گاندربل میں جانکاری کیمپ
گاندربل//ارشاد احمد//ضلع گاندربل میں’صارفین کے عالمی حقوق ‘کے تحت ایک جانکاری کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔اس سلسلے میں منی سیکٹریٹ گاندربل میں محکمہ امور صارفین وعوامی تقسیم کاری کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ارم عزیز کی قیادت میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا،جس میں لوگوں کو صارفین کے حقوق کے بارے میں مکمل جانکاری دی گئی۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر ارم عزیز نے لوگوں میں جگہ جگہ پمفلٹ تقسیم کئے ۔منی سیکٹریٹ سے لیکر توحید چوک دودھرہامہ تک ایک ریلی برآمد ہوئی۔ ریلی میں شامل امور صارفین کے ملازمین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ”جاگو گراہک جاگو “جیسے نعرے درج تھے ۔