سرینگر//خوراک ، شہری رسدات ، امور صارفین اور اطلاعات کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ ایک جانکار صارف نہ صرف اپنے حقوق کی پاسداری کرتا ہے بلکہ وہ پوری سوسائٹی کے حقوق کی حفاظت کرسکتا ہے۔وزیر جو ایف سی ایس اینڈ سی اے کی طرف سے منعقدہ ’’سٹیٹ کنزیومر ڈے‘‘ کے ایک جانکاری پروگرام سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوںنے کہا کہ محکمہ تین صارف دِنوں کا انعقاد کرتا ہے جن میں ورلڈ کنزیومر ڈے 15؍ مارچ، نیشنل کنزیومر ڈے 24دسمبر کو اور سٹیٹ کنزیومر ڈے 29؍ اگست شامل ہیں اور ان پروگراموں کے انعقاد کا مقصد صارفین کو اپنے حقوق کے بارے میں جانکاری حاصل کرنی ہے۔محکمہ اطلاعات کے آڈیٹوریم میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے صارف کو ایک ’’بادشاہ ‘‘اور ’’ مرکزی شخصیت ‘‘ کا نام دیا جس کے ارد گرد ساری معیشت گھومتی ہے ۔صارفین کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ کسی بھی اشیاء کو بنانے والے سے لے کر خدمات فراہم کرنے والے تک ہر ایک شخص اپنے کاروبار میں انقلاب لانے کے لئے صارف کے مفادات کو ترجیح دیتا ہے۔اس کا مطلب یہ ہوا کہ اصل طاقت ایک صارف میں ہی موجود ہے جو ایک مضبوط سماج کی تعمیر کرسکتا ہے اور ایک صحت مند معیشت کو استحکام بخشتا ہے بشرطیکہ وہ اپنے حقوق کے بارے میں جانکاری رکھتا ہو۔وزیر نے تمام کاروباری افراد پر زور دیا کہ وہ صارفین کو مقررہ قیمتوں پر ضروری اشیاء فروخت کریں اور عید و دیوالی جیسے مقدس ایام کے دوران ناجائز منافع خوری سے پرہیز کریں۔مذہبی و آفاقی پیغام پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ایک شخص کو یہ یاد رکھنا چاہئے کہ وہ ایک دِن اپنے اعمال کا حساب دینے والا ہے۔وہ یہ نہ سمجھیں کہ اس زندگی میں اسے جو جی چاہئے کرے۔ آخر اس کی تمام اچھے اعمال اور برے اعمال کا حساب ہوگا۔ بہتر یہی ہے کہ ہم اپنے ارد گرد کے ماحول کو خراب کرنے کے بجائے اُس کا تحفظ کریں خاص طور پر صارفین جو کاروباری کے لئے ایک رزق حاصل کرنے کا ذریعہ ہے ، اُس کے ساتھ حق اور انصاف کے ساتھ پیش آئے۔سیکرٹری ایف سی ایس ایند سی اے شفیق رینہ ، ڈائریکٹر ایف سی ایس اینڈ سی اے نثار احمد وانی ، ڈائریکٹر انفارمیشن منیر الاسلام ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سرینگر وکاس کنڈل اس موقعہ پر موجود تھے۔