انتظامیہ اور محکموں کی بروقت مداخلت، جلد مرمت شروع کرنے کی یقین دہانی
حسین محتشم
پونچھ // شیندرہ کے عوام کو درپیش ایک اہم مسئلہ بالآخر انتظامیہ کی بروقت مداخلت سے حل کی راہ پر گامزن ہوگیا ہے۔ سیری چوہانہ سے گلی کالابن تک پی ایم جی ایس وائی کے تحت تعمیر شدہ سڑک طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار تھی، جس کی وجہ سے عوام بالخصوص طلباء کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔سڑک پر جگہ جگہ کھڈے اور ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے بڑی گاڑیاں، خاص طور پر اسکول بسیں، اس راستے پر چلنے سے قاصر تھیں۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس سڑک پر متعدد حادثات رونما ہو چکے ہیں اور اگر بارشوں کا سلسلہ جاری رہا تو یہ سڑک مکمل طور پر ٹوٹ کر رابطہ منقطع کر سکتی ہے، جس سے پورے علاقے کو مشکلات پیش آئیں گی۔علاقے کی سنگین صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے معروف سماجی کارکن سید ساحل بخاری نے عوامی احتجاج کی کال دی اور اس ضمن میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور او سی بی آر او کو تحریری طور پر آگاہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو متنبہ کیا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو عوام کو کسی بڑے سانحے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔سید ساحل بخاری کی اس اپیل کے بعد ضلع انتظامیہ فوری حرکت میں آئی اور ڈپٹی کمشنر پونچھ نے نائب تحصیلدار نصیر کو موقع پر روانہ کیا۔ ان کے ہمراہ محکمہ بی آر او اور پی ایم جی ایس وائی کے افسران، اے ای ای، جے ای اور پٹواری بھی موجود تھے۔ حکام نے موقع پر سڑک کی خستہ حالی کا جائزہ لیا اور عوام کو یقین دلایا کہ جلد مرمتی عمل شروع کر دیا جائے گا تاکہ گاؤں کا رابطہ بحال ہو سکے اور حادثات کی روک تھام ممکن ہو۔مقامی لوگوں نے اس موقع پر انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی بروقت توجہ پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر یہ قدم پہلے ہی اٹھایا جاتا تو عوام کو درپیش مشکلات میں کمی آ سکتی تھی۔سماجی کارکن سید ساحل بخاری نے ضلعی انتظامیہ، نائب تحصیلدار چنڈک، محکمہ بی آر او، محکمہ پی ایم جی ایس وائی، ان کے افسران و عملے اور شیندرہ یوتھ کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے عوامی مطالبے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ایک بڑے مسئلے کے حل کے لئے تعاون کیا۔